میجر جنرل آصف غفور نیلم منیر کے آئٹم سانگ کے دفاع میں سامنے آ گئے

نیلم منیر نے بھارتی لڑکی کا کردار ادا کیا ہے، سیاق و سباق جاننے کے لیے صارفین فلم دیکھ سکتے ہیں۔ آصف غفور کا ٹویٹر پیغام

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 30 اکتوبر 2019 14:11

میجر جنرل آصف غفور نیلم منیر کے آئٹم سانگ کے دفاع میں سامنے آ گئے
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 30 اکتوبر 2019ء) : پاکستانی اداکارہ نیلم منیر نے پاکستانی فلم ''کاف کنگنا' میں آئٹم سانگ پر پرفارم کیا تو ان کے مداحوں نے انہیں تنقید کا نشانہ بنایا جبکہ کچھ مداحوں نے ان کی پرفارمنس کی داد دیتے ہوئے خوب تعریف کی۔ ناقدین کا جواب دیتے ہوئے نیلم منیر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹا گرام پر جاری کئے گئے اپنے پیغام میں کہا کہ میں فلم ''کاف کنگنا'' میں آئٹم سانگ کرنے کے لیے صرف اس لیے راضی ہوئی کیوں کہ یہ آئی ایس پی آر کا پراجیکٹ ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ میرے فلمی کیرئیر کا پہلا اور آخری آئٹم سونگ ہے، میں جو بھی کرتی ہوں اس کا فخریہ اظہار بھی کرتی ہوں۔ انہوں نے اپنے پیغام میں مزید کہا تھا کہ پاکستان کے لیے میری جان بھی حاضر ہے اور مجھے اُمید ہے شائقین فلم میری یہ فلم دیکھنے سینما گھر ضرور جائیں گے۔

(جاری ہے)

نیلم منیر کی اس پوسٹ کو بنیاد بنا کر مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر ایک صارف نے اپنے پیغام میں ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور کو مینشن کرتے ہوئے کہا کہ سر اگر یہ سچ ہے تو دل خون کے آنسو روتا ہے یہ ستم ظریفی دیکھ کر۔

صارف نے حمیرا ارشد کے ٹویٹر پیغام کا ایک اسکرین شاٹ بھی شئیر کیا جس میں حمیرا ارشد نے کنسرٹ کی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا کہ جی ایچ کیو اسلام آباد میں آئی ایس پی آر کے ساتھ اچھا شو رہا۔
جس پر ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے اپنے ذاتی اکاؤنٹ سے جواب دیا اور نیلم منیر کے آئٹم سانگ کا دفاع بھی کیا۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ پہلی تصویر : یہ آئٹم سانگ فلم میں کردار کے مطابق ایک بھارتی لڑکی نے کیا ۔

اس آئٹم سانگ کا سیاق و سباق جاننے کے لیے آپ فلم بھی دیکھ سکتے ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ دوسری تصویر میں دکھائی جانے والی جگہ جی ایچ کیو نہیں ہے۔ جی ایچ کیو راولپنڈی میں ہے اسلام آباد میں نہیں ہے۔ اور ایسا کوئی ایونٹ آئی ایس پی آر کے لیے منعقد نہیں کیا گیا۔