ایچ ای سی بجٹ کٹوتی پر پنجاب یونیورسٹی میں اساتذہ کا یوم سیاہ

جمعرات 7 نومبر 2019 23:35

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 07 نومبر2019ء) ہائر ایجوکیشن کے بجٹ میں پچاس فیصد کمی کرنے پر پنجاب یونیورسٹی اکیڈمک سٹاف ایسو سی ایشن کے زیر اہتمام اساتذہ نے یوم سیاہ منایا۔ اساتذہ نے الرازی ہال کے باہر احتجاجی مظاہر ہ کیا اور فیصل آڈیٹوریم تک ریلی نکالی۔ ریلی کی قیادت صدر اکیڈیمک سٹاف ایسوسی ایشن پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری نے کی۔

ریلی میں سیکرٹری جاوید سمیع اور مختلف شعبہ جات سے استاتذہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اساتذہ نے جمعرات کے روز بازو پر سیاہ پٹیاں باندھ کر کلاسیں پڑھائیں۔ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر ڈاکٹر ممتاز انور چوہدری نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم پر سرمایہ کاری کے بغیر ملک کی ترقی نا ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے تعلیم کو ترجیح دینے کا وعدہ کیا تھا مگر اقتدار میں آکر بجٹ میں کمی کر دی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چیئرمین ایچ ای سی حکومت تک مطالبات پہنچانے میں ناکام ہو چکے ہیںجس کے باعث فپواسا کی کال پر ملک بھر کی جامعات میں آج یوم سیاہ منایا جا رہا ہے۔ ڈاکٹر ممتاز انور نے کہا کہ اساتذہ کے ٹیکس میں چھوٹ میں کمی کو مسترد کرتے ہیں اور حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ ٹیکس میں پچھتر فیصد چھوٹ کو بحال کیا جائے ۔ سیکرٹری جاوید سمیع کا کہنا تھا کہ حکومت ہوش کے ناخن لے اور تعلیم کواپنے انتخابی منشور کے مطابق ترجیح دے ۔ انھوں نے کہا کہ اساتذہ کو احتجاج پر مجبور کیا جارہا ہے ۔احتجاج میں شامل اساتذہ نے کراچی میںاپنے حقوق کیلئے آواز بلند کرنے والے اساتذہ پر پولیس تشدد کی بھی سخت مذمت کی اور اسے اساتذہ کی بے حرمتی قرار دیا۔