Live Updates

نواز شریف کی جانب سے "پلی بارگین" کیے جانے کی خبریں غلط قرار دے دی گئیں

کافی عرصے سے کہہ رہا ہوں کہ سابق وزیراعظم سے ایک روپیہ بھی نہیں ملے اس لیے ان سے جان چھڑوائی جائے، اب انہیں باہر لے جانے کیلئے قطر کی ایئر ایمبولنس تیار کھڑی ہے: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد

muhammad ali محمد علی ہفتہ 9 نومبر 2019 20:11

نواز شریف کی جانب سے "پلی بارگین" کیے جانے کی خبریں غلط قرار دے دی گئیں
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 09 نومبر2019ء) نواز شریف کی جانب سے "پلی بارگین" کیے جانے کی خبریں غلط قرار دے دی گئیں، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ کافی عرصے سے کہہ رہا ہوں کہ سابق وزیراعظم سے ایک روپیہ بھی نہیں ملے اس لیے ان سے جان چھڑوائی جائے، اب انہیں باہر لے جانے کیلئے قطر کی ایئر ایمبولنس تیار کھڑی ہے۔ تفصیلات کے مطابق کچھ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ سابق وزیراعظم نواز شریف نے پیسے دے کر اپنی جان بخشی کروائی ہے۔

شیخ رشید کہتے ہیں کہ ملک کا لوٹا ہوا پیسا آصف زرداری کے دوستوں سے نکلے گا۔ ایک سال سے کہہ رہا ہوں نوازشریف سے کوئی پیسا نہیں نکلے گا۔ شیخ رشید نے کہا کہ نوازشریف مریم نواز کی وجہ سے سیاسی بحران کا شکارہوئے۔ نوازشریف کیلئے قطر کی ایئرایمبولنس ان کے لیے تیارکھڑی ہے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا کہ ڈیل کی باتیں کرنے والوں کو شرم آنی چاہیے، نواز شریف کی طبیعت بہت زیادہ خراب ہے، جو علاج پاکستان میں میسر تھا وہ فراہم کیا گیا اب ان کا علاج پاکستان میں ممکن نہیں ، پوری دنیا میں جہاں بھی ان کا علاج ممکن ہے انہیں ضرور جانا چاہیے۔

سروسز ہسپتال کے میڈیکل بورڈ نے بھی نواز شریف کو باہر جا نے کا مشورہ دیا ہے جبکہ ہمارے میڈیکل بورڈ نے بھی یہ تجویز دی ہے۔،نواز شریف کی صحت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کر سکتے اور پوری دنیا میں جہاں بھی ان کا علاج ممکن ہے انہیں علاج کرانا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہو گی کہ میں نواز شریف کے ساتھ جائوں لیکن اس وقت میرا پاسپورٹ عدالت کے پاس ہے۔اگر وہ علاج کے لئے چلے جائیں اور میں نہ جا سکوں تو میرے لئے بڑا مشکل ہوگا۔اس وقت تو نواز شریف کے بیرون ملک علاج کے حوالے سے انتظامات کو چچا شہباز شریف دیکھیں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات