Live Updates

تیل کی قیمتوں میں اضافے کا عمران خان سے بڑا دشمن کوئی نہیں، حفیظ شیخ

تیل کی قیمتیں بڑھنے کا سب سے زیادہ دکھ حکومت کو ہوتا ہے، حکومت نے4 ماہ بعد پٹرول کی قیمت میں1 روپیہ اضافہ کیا، گزشتہ حکومت نے روپے کومضبوط رکھنے کیلئے25 ارب ڈالرخرچ کیے۔مشیرخزانہ حفیظ شیخ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 11 نومبر 2019 20:02

تیل کی قیمتوں میں اضافے کا عمران خان سے بڑا دشمن کوئی نہیں، حفیظ شیخ
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔11 نومبر2019ء) مشیرخزانہ حفیظ شیخ نے کہا ہے کہ تیل کی قیمتوں میں اضافے کا عمران خان سے بڑا دشمن کوئی نہیں، تیل کی قیمتیں بڑھنے کا سب سے زیادہ دکھ حکومت کو ہوتا ہے، حکومت نے4 ماہ بعد پٹرول کی قیمت میں1 روپیہ اضافہ کیا، گزشتہ حکومت نے روپیہ مصنوعی طور پرمضبوط رکھنے کیلئے25 ارب ڈالرخرچ کیے۔ انہوں نے آج یہاں وفاقی وزیر حماد اظہر، معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آئی ایم ایف کی رپورٹ پاکستان کے حق میں گئی۔

عالمی بینک نے پاکستانی معیشت میں بہتری کو سراہا ہے۔ آئی ایم ایف نے کہا پاکستان نے تمام اہداف بڑے مارجن سے پورے کیے۔ آئی ایم ایف ٹیم نے 45 کروڑ ڈالر کی دوسری قسط جاری کرنے کی سفارش کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ایف بی آر میں اصلاحات کی جائیں گی۔ نئے لوگ لگائے جائیں گے۔ ٹیکنالوجی کا استعمال بھی ہوگا۔ ایف بی آر ٹیکس محاصل میں 16 فیصد اضافہ ہوا۔

انہوں نے کہا کہ جولائی سے اب تک اسٹاک مارکیٹ میں 6 فیصد اضافہ ہوا۔ اسٹاک مارکیٹ اچھی رفتار سے اوپر جارہی ہے۔ تجارتی اور مالی خسارے میں کمی آئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زرمبادلہ ذخائر میں جولائی سے اب تک 1.2 ارب ڈالر اضافہ ہوا۔ اسٹیٹ بینک سبسڈی اپنے ذخائر سے دے گا۔ اسٹیٹ بینک سے چار ماہ میں ایک ٹکا بھی ادھار نہیں لیا۔ بلکہ چار ماہ میں 2.1 ارب ڈالر قرضہ واپس کیا۔

چار ماہ میں ایک روپیہ نہیں چھاپا گیا۔ اس سے مہنگائی اور قیمتوں میں اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ اسمگلنگ روکنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ صوبائی حکومتوں کو بھی انتظامی اقدامات کرنے چاہییں۔ حکومت قیمتیں کنٹرول کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔ قیمتیں کنٹرول کرنے کے لیے 4 سے 5طریقے اختیار کر رہے ہیں۔ مشیرخزانہ حفیظ شیخ نے کہا کہ اس سال معاشی ترقی ہدف سے زیادہ رہے گا۔ فاٹا کی ترقی کے لیے پہلی بار 152 ارب رکھے گئے۔ اسٹیٹ بینک کے قرضوں میں 100 ارب کا اضافہ کیا جا رہا ہے۔ نیا پاکستان پروگرام کے لیے 30 ارب روپے اضافی مختص کیے۔ ملک میں 300 ارب روپے کی لاگت سے گھر تعمیر کیے جائیں گے۔ حکومت توانائی شعبے میں گردشی قرضے ادا کرے گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات