Live Updates

آصف زرداری سمیت دوسرے لوگ پلی بارگین کی طرف آ رہے ہیں: شیخ رشید

نہ ڈیل ہوئی ہے نہ ڈھیل، نواز شریف اور آصف زرداری کی سیاست ہمیشہ کیلئے ختم ہو گئی ہے: وفاقی وزیر ریلوے

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ ہفتہ 16 نومبر 2019 20:37

آصف زرداری سمیت دوسرے لوگ پلی بارگین کی طرف آ رہے ہیں: شیخ رشید
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 16 نومبر2019ء) وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آصف زرداری سمیت دوسرے لوگ پلی بارگین کی طرف آ رہے ہیں، نہ ڈیل ہوئی ہے نہ ڈھیل، نواز شریف اور آصف زرداری کی سیاست ہمیشہ کیلئے ختم ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ نواز، شہباز اور زرداری کی سیاست ختم ہو چکی ہے، لیگی قائد علاج کے لیے ملک سے باہر چلے جائیں گے، آصف زرداری کا معاملہ بھی چار چھ ماہ میں کسی طرف لگ جائے گا۔

شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ سوائے خورشید شاہ کے آصف زرداری فریال تالپور،شرجیل میمن سمیت دیگر بھی پلی بارگین کی طرف آرہے ہیں۔ شیخ رشید نے دھرنے کے خاتمے کو فضل الرحمان کی عقلمندی قرار دیتے ہوئے ایک ضرب المثل بھی سنائی وزیر ریلوے نے کہا فضل الرحمان نے دھرنے پر بہت خرچہ کیا ،کھایا پیا کچھ نہیں ،گلاس توڑا بارہ آنے، دھرنے سے مولانا فضل الرحمان کی سیاست دم توڑ گئی ہے اور آئندہ عام انتخابات میں مولانا فضل الرحمان کی نشستیں کم ہو سکتیں بڑھ نہیں سکتیں ۔

(جاری ہے)

ان کے دھرنے کا یہ حال ہے کہ کھایا پیا کچھ نہیں اور گلاس توڑا بارہ آنے ۔ مولانا فضل الرحمان نے عمران خان کو کاپی کرنے کی کوشش کی ،وہ اس وقت خطاب کے لئے آتے تھے جس وقت عمران خان شرکاء سے مخاطب ہوتے تھے لیکن وہ دھرنے کے پراسس کو نہیں چلا سکے اور انہوں نے دھرنا ختم کر کے عقلمندی کی ہے کیونکہ دھرنے میں شرکاء کی تعداد روز بروز کم ہو رہی تھی بلکہ نہ ہونے کے برابر رہ گئی تھی ۔

وفاقی وزیرنے مزید کہا کہ تسلیم کرتے ہیں کہ مہنگائی ہے اور عمران خان اس پر بہت فکر مند ہیںاور ہر روز اجلاس کرتے ہیں ،نہ ڈیل ہوئی ہے نہ ڈھیل ،عدالت میں نواز شریف کے ای سی ایل کا فیصلہ ہونا حکومت اور (ن) لیگ دونوں کے لیے بہتر ہے،ریلوے میں ہونے والے حادثات کی ذمہ داری قبول کرتا ہوں ۔ ریلوے ہیڈ کوارٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ آصف زرداری ، فریال تال پور اور دیگر پلی بار گین کی طرف آرہے ہیں اور چار سے چھ ماہ میں نتیجہ نکل آئے گا اوراونٹ کسی نہ کسی کروٹ بیٹھ جائے گا ۔ نواز شریف آج بیرون ملک جائیں یا کل یہ کوئی نئی خبر نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ سیاست اور جنگ میں موسم کو دیکھا جاتا ہے اور میں نے مولانا فضل الرحمان سے کہا تھاکہ آپ نہ آئیں ۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات