Live Updates

وزیراعظم کے دورہ امریکا کے نمایاں ثمرات آنا شروع ہوگئے

پی آئی اے کی آئندہ سال اپریل میں امریکا کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کی تیاریاں، فلائٹ آپریشن کی باقاعدہ اجازت بھی مل گئی،لانگ رینج بوئنگ 777 طیاروں کی پروازیں اسلام آباد، لاہور اور کراچی کیلئے آپریٹ کی جائیں گی،ذرائع

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 17 نومبر 2019 20:28

وزیراعظم کے دورہ امریکا کے نمایاں ثمرات آنا شروع ہوگئے
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔17 نومبر2019ء) وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کے پاک امریکا تعلقات میں بہتری کے نمایا ں ثمرات آنا شروع ہوگئے، پی آئی اے آئندہ سال اپریل میں امریکا کیلئے براہ راست پروازیں شروع کردے گی،ایئرلائن انتظامیہ کو فلائٹ آپریشن کی باقاعدہ اجازت مل گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے ستمبر میں امریکا کا دورہ کیا تھا۔

جس میں وزیراعظم عمران خان اور امریکی صد ر ڈونلڈ ٹرمپ کے درمیان سیرحاصل ملاقات ہوئی ، ملاقات میں مستقبل کیلئے پاک امریکادوطرفہ تعلقات کے حوالے سے معاہدے بھی کیے گئے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا سے دونوں ممالک کے تعلقات میں بہتری اور نئے سفر کا آغاز ہونے کو ہے۔ پی آئی اے آئندہ سال اپریل میں امریکا کیلئے براہ راست پروازیں شروع کردے گی۔

(جاری ہے)

پاکستان اور امریکا کے درمیان پروازیں شروع کرنے کی تیاریاں آخری مراحل میں داخل ہوگئیں۔قومی ایئرلائن پی آئی اے نے امریکا کیلئے براہ راست پروازیں شروع کرنے کیلئے باقاعدہ اجازت بھی طلب کرلی ہے۔ مذکورہ پروازوں کو اسلام آباد، لاہور اور کراچی سے آپریٹ کرنے کے لیے اجازت مانگی گئی ہے۔پی آئی اے امریکا کیلئے براہ راست پروازوں کیلئے اپنے لانگ رینج بوئنگ 777 طیارے آپریٹ کرے گی۔

واضح رہے براہ راست پروازیں شروع کرنے کیلئے پی آئی اے کے سی ای او نے اپنے دورہ امریکا کے دوران امریکی ایوی ایشن، ایئرپورٹ اتھارٹی اور ٹی ایس اے سمیت دیگر اعلی عہدوں پر فائز انتظامیہ سے ملاقاتیں بھی کی تھیں۔ جس کے بعد امریکا کی ہوم لینڈ سیکیورٹی نے بھی پاکستان کا دورہ کیاتھا، امریکی ٹرانسپورٹ سیکیورٹی اتھارٹی نے اسلام آباد اور کراچی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی اور طیاروں سے متعلق آڈٹ بھی کیا تھا۔امریکی سیکیورٹی ایجنسی نے پاکستانی ایئرپورٹ پر سیکیورٹی انتظامات پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا تھا۔پی آئی اے امریکا کے لیے براہ راست پروازیں شروع کرنے کے حوالے سے امریکی سیکیورٹی اداروں کو مطلوبہ دستاویز اور پلان بھی فراہم کرچکی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات