Live Updates

جھوٹ بولنے سے معیشت بہتر نہیں ہوتی ،معیشت ایسی سمت چلی گئی ہے جہاں سے اس کی واپسی ناممکن ہے ‘مریم اورنگزیب

عمران خان کی معاشی سمت کا کمال ہے کہ 5.8 فیصد ترقی کی شرح ایک سال میں اڑھائی فیصد کردی جبکہ ٹیکس وصولیوں کا تاریخی خسارہ ہے

منگل 19 نومبر 2019 16:37

جھوٹ بولنے سے معیشت بہتر نہیں ہوتی ،معیشت ایسی سمت چلی گئی ہے جہاں سے ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2019ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ عمران صاحب جھوٹ بولنے سے معیشت بہتر نہیں ہوتی ،معیشت ایسی سمت چلی گئی ہے جہاں سے اس کی واپسی ناممکن ہے ۔مریم اورنگزیب نے وزیراعظم عمران خان کے معیشت پر ٹویٹ پر ردعمل کااظہارکرتے ہوئے کہا کہ عمران صاحب آپ کی طرح معیشت بھی کسی گمنام سمت محوپرواز ہے ،آپ کی معاشی سمت یہ ہے کہ مہنگائی 14 فیصد پر ہے ،عمران صاحب کی معاشی سمت کا کمال ہے کہ 5.8 فیصد ترقی کی شرح ایک سال میں اڑھائی فیصد کردی ۔

عمران صاحب کی معاشی سمت کاکمال ہے کہ آج ٹیکس وصولیوں کا تاریخی خسارہ ہے ۔عمران صاحب کرنٹ اکاونٹ خسارے میں کمی کریڈٹ نہیں ڈس کریڈٹ ہے ۔ انہوںنے کہاکہ کرنٹ اکاونٹ خسارے میں کمی برآمدات کی وجہ سے نہیں بلکہ درآمدات کے نہ ہونے کی بناپر ہے ۔

(جاری ہے)

روزگار، کاروبار، دکان، فیکٹری اور صنعت بند ہے تو ایمپورٹ بند ہونے سے کرنٹ اکاونٹ خسارہ کم ہوا۔

عمران صاحب کی معاشی سمت کا کمال ہے کہ روپے کی قدر میں 30 فیصد کمی ہوئی ،ایک سال میں آپ نے ابھرتی معیشت کو تباہ کردیا ہے ۔روپے کی تاریخی بے قدری کے باوجود رواں مالی سال کے چار ماہ میں برآمدات میں چار فیصد سے بھی کم اضافہ ہوسکا۔حکومت برآمدات میں کوئی نمایاں بہتری میں مکمل طورپر ناکام رہی ہے ،ڈیٹ سکیوریٹیز میں غیرملکی سرمایہ کاری کی ترغیب دے کر حکومت ملک کے ساتھ خطرناک کھیل کھیل رہی ہے ۔

انہوںنے کہاکہ عمران صاحب ایک ٹویٹ کرکے قوم کو بتائیں کہ ایک سال میں کتنے کارخانے اور فیکڑیاں بند ہوچکی ہیں ۔عمران صاحب ایک ٹویٹ سے یہ بھی بتائیں آپ کی بے سمتی کی وجہ سے کتنے لاکھ بیروزگاری کے جہنم میں گرچکے ہیں۔معیشت کی بہتری آج 300 روپے فی کلو ٹماٹر کی صورت میں قوم بھگت رہی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات