جے یو آئی کی جانب سے ساتویں روز بھی سندھ بلوچستان کو ملانے والی شاہراہ پر دھرنا جاری

منگل 19 نومبر 2019 20:03

جیکب آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2019ء) جے یو آئی کی جانب سے ساتویں روز بھی سندھ بلوچستان کو ملانے والی شاہراہ پر دھرنا جاری۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق جیکب آباد میں جے یو آئی کی جانب سے حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں ساتویں روز بھی سندھ بلوچستان کو ملانے والی شاہراہ بائے پاس زیروپوائنٹ پر دھرنا جاری رہا، کارکنان نے صوبائی رہنما مولانا عبداللہ جرار پہوڑ، ضلع جیکب آباد کے امیر ڈاکٹر اے جی انصاری، ڈاکٹر خلیل احمد کھوسو، مولانا محمد طیب میکو، مولانا عبدالجبار رند، مولانا غلام شبیر شیخ، مولانا احسان احمد کھوسو، حماد اللہ انصاری، مولانا سراج احمد اور دیگر کی قیادت میں دھرنا جاری رکھا، اس موقع پررہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی جانب سے لگائے گئے ناجائز ٹیکسز، مہنگائی، بے روزگاری نے عوام کا جینا محال کردیا ہے، انہوں نے کہا کہ حکمرانوں نے ملک کا دیوالیہ نکال دیا ہے، حکومت نے گھر بنانے کا اعلان کیا تھا مگر گھر بناکر دینے کے بجائے غریبوں کے گھروں کو مسمار کیا گیا، دھرنے میں فلسطین اور کشمیر میں ہونے والے مظالم پر بھی احتجاج کیا گیا۔