Live Updates

وزیراعظم سمیت دیگر وزرا کے بیانات اور رویوں کے اثرات براہ راست عوام پر مرتب ہوتے ہیں،سید مصطفی کمال

منگل 19 نومبر 2019 21:58

وزیراعظم سمیت دیگر وزرا کے بیانات اور رویوں کے اثرات براہ راست عوام ..
کرچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2019ء) چیئرمین پاک سرزمین پارٹی سید مصطفی کمال نے وزیراعظم عمران خان کی تقریر بہت تبصرہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ قوم عمران خان کو ملک چلانے کا ایکسپرٹ سمجھ رہی تھی لیکن ان کے مطابق وہ دھرنے دینے کے ایکسپرٹ ہیں۔ جس قسم کی گفتگو وہ اپوزیشن لیڈران کے متعلق کر رہے ہیں اس کی وجہ سے آئینی بحران پیدا ہو گیا ہے، انکے اپوزیشن لیڈر سے بات نہ کرنے کی وجہ سے الیکشن کمیشن کے اراکین کی تقرری اور دیگر اہم مملکتی امور تعطل کا شکار ہیں۔

ملک میں جاری سیاسی عدم استحکام میں معاشی استحکام ممکن نہیں۔ وزیراعظم سمیت دیگر وزرا کے بیانات اور رویوں کے اثرات براہ راست عوام پر مرتب ہوتے ہیں۔ ایک جانب بھارت انسانی تاریخ کا سب سے بڑا ظلم کشمیریوں پر ڈھا رہا ہے تو دوسری جانب پاکستان کشمیریوں کی توقعات کے برعکس جمعے کے روز آدھے گھنٹے کیلئے اظہارِ یکجہتی کر رہا ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی جرنیل کھلے عام کشمیری ماں بہنوں کے ریپ کی دھمکیاں دے رہے ہیں جبکہ پاکستانی حکومت کی جانب سے اس پر کسی قسم کا کوئی مثر ردِعمل نہیں ہے۔

حکومت کو تقاریر سے بڑھ کر کچھ عملی اقدامات اٹھانے ہونگے لیکن وزیراعظم پوچھتے ہیں کہ کیا ہم جنگ کر لیں۔ بانی متحدہ الطاف حسین کے بھارت سے مدد اور سیاسی پناہ مانگنے پر مصطفی کمال نے کہاکہ اللہ کا شکر ادا کرتے ہیں کہ تین سال پہلے جو کچھ ہم نے کہا وہ اللہ تعالی نے خود بانی متحدہ کے منہ سے نکلوا کر سچ ثابت کر دیا، بھارت سے مہاجر قوم کا نام لے کر مدد مانگنے کے باوجود آج ملک میں اردو بولنے والوں کے خلاف کوئی آپریشن نہیں ہوا، یہ ہماری ہی کاوشوں کا نتیجہ ہے کہ اب بانی متحدہ کا بیان مہاجروں کا بیان نہیں سمجھا جاتا، نہ ہی لوگ لاپتہ یا گرفتار ہوئے اور انہیں اگلی صبح شرمندہ شرمندہ نہیں گھومنا پڑتا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیب کورٹ کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے کیا۔ ہم نے کراچی بنایا تھا تو سندھ اور پاکستان بھی بنا سکتے ہیں۔ تمام پاکستانی بالخصوص نوجوان پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوں اسے مضبوط کریں کیونکہ صرف ہمارے پاس ہی ملک کو درپیش مسائل کا حل موجود ہے اور خلوص نیت کے ساتھ ملک کو ترقی کی جانب گامزن کرنا چاہتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات