Live Updates

نواز شریف لندن پہنچنے والے ہیں لیکن حسین نواز کے لندن میں موجود نہ ہونے کا انکشاف

حسین نواز دبئی میں ہیں، شہباز شریف نے اپنے صاحبزادے سلمان شہباز کو ہیتھرو ایئر پورٹ پہنچنے کی ہدایت کردی

Usman Khadim Kamboh عثمان خادم کمبوہ منگل 19 نومبر 2019 21:43

نواز شریف لندن پہنچنے والے ہیں لیکن حسین نواز کے لندن میں موجود نہ ہونے ..
لندن (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 نومبر 2019ء) :  سابق وزیراعظم جو علاج کیلئے لندن روانہ ہوئے ہیں انکا طیارہ لندن پہنچنے والا ہے لیکن ان کے صاحبزادے حسین نواز اس وقت لندن میں موجود نہیں ہیں۔

ذرائع کے مطابق حسین نواز اس وقت دبئی میں ہیں اس لیے اب شہباز شریف نے اپنے صاحبزادے سلمان شہباز کو ہیتھرو ایئر پورٹ پہنچنے کی ہدایت کی ہے جو نواز شریف کا استقبال کریں گے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ حسین نواز کسی بھی وقت لندن کیلئے روانہ ہوجائیں گے۔ذرائع کے مطابق ہیتھرو ایئر پورٹ کے رن وے پر ایمبولینس اور خصوصی گاڑیاں بھی پہنچادی گئی ہیں۔

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نوازشریف آج صبح لندن روزنہ ہوگئے ہیں۔ نواز شریف آج صبح سابق وزیراعظم قافلے کی صورت میں جاتی امراء سے ائیر پورٹ پہنچے، جس میں کیپٹن ریٹائرڈ صفدر، خاندان کے دیگر افراد بھی شامل تھے۔ قافلے میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور کارکنوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز اپنے والد نوازشریف کو رخصت کرنے ائیرپورٹ نہیں گئیں، انہوں نے اپنی دادی کے ہمراہ نوازشریف کو گھر سے رخصت کیا۔

قطر سے آنے والی ائیر ایمبولینس بھی ائیر پورٹ پہنچ چکی تھی۔سابق وزیراعظم نوازشریف کی بیرون ملک روانگی کے تمام انتظامات مکمل کیے گئے، ائیر پورٹ پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے، نواز شریف بذریعہ ایمبولینس علامہ اقبال ایئرپورٹ کےحج ٹرمینل پہنچے ۔ نواز شریف،شہبازشریف ، ڈاکٹر عدنان،محمد عرفان،عابداللہ جان کے پاسپورٹ امیگریشن حکام کے حوالے کردیئے گئے جبکہ نواز شریف کی میڈیکل فائل قطر ایئرویز کے ڈاکٹرز کے حوالے کردی جس کے بعد ائیر ایمبولینس کے ڈاکٹرز نے نواز شریف کا بلڈپریشر،شوگر چیک کیا، جبکہ نوازشریف کا سی بی سی ٹیسٹ بھی کیا گیا، ضروری ٹیسٹ کے بعد ڈاکٹرز نے پائلٹ کو اڑان کی اجازت دی۔

اب نواز شریف کچھ دیر تک لندن کے ہیتھرو ایئر پورٹ پر پہنچیں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات