Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی ٹی بی کے خاتمہ کیلئے گلوبل فنڈ کے مجوزہ اقدامات پر مؤثر عملدرآمد کیلئے حکومت کے بھرپور تعاون کی یقین دہانی

حکومت معاشرہ کے تمام طبقات کو معیاری اور مناسب صحت عامہ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھرپور توجہ دے رہی ہے، عمران خان کی عالمی وفد سے گفتگو

جمعرات 21 نومبر 2019 20:02

وزیراعظم عمران خان کی ٹی بی کے خاتمہ کیلئے گلوبل فنڈ کے مجوزہ اقدامات ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 نومبر2019ء) وزیراعظم عمران خان نے ٹی بی کے خاتمہ کیلئے گلوبل فنڈ کے مجوزہ اقدامات پر مؤثر عملدرآمد کیلئے حکومت کے بھرپور تعاون کا یقین دلایا ہے ،وہ مختلف ترقی پذیر ممالک میں متعدی امراض کے خاتمہ کیلئے صحت عامہ کے شعبہ میں خدمات سرانجام دینے والے گلوبل فنڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر پیٹرز سینڈز کی قیادت میں اعلیٰ عہدیداروں کے ایک وفد سے ملاقات میں گفتگو کررہے تھے ۔

ملاقات کے دوران وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے قومی ہیلتھ سروسز، ریگولینشز اینڈ کوآرڈینیشن ڈاکٹر ظفر مرزا بھی موجود تھے۔ وفد میں ایگزیکٹو ڈائریکٹر سٹاپ ٹی بی لوشیا ڈیٹی او، ہائی امپیکٹ ایشیاء ڈیپارٹمنٹ گلوبل فنڈ کے سربراہ اربن ویبر، فنڈ پورٹ فولیو منیجر پاکستان ورنر بوہلر اور پورٹ فولیو آفیسر پاکستان جیسیکا پیٹیرا شامل تھیں۔

(جاری ہے)

جمعرات کو وزیراعظم میڈیا آفس سے جاری بیان کے مطابق وفد نے وزیراعظم کو کمپنی کی کارکردگی اور پاکستان میں گلوبل فنڈ کی جانب سے صحت عامہ کیلئے سرمایہ کاری بالخصوص تپ دق، ایچ آئی وی اور ملیریا کے خاتمہ کیلئے اپنے وعدوں سے آگاہ کیا۔ وفد نے پنجاب میں ٹی بی کے خاتمہ 400 ڈائیگناسٹک یونٹ قیام سمیت ملک میں اپنی گذشتہ سرمایہ کاری کے بارے میں بتایا۔

وفد نے پاکستان میں اپنے منصوبوں میں اضافہ کے امکانات کے بارے میں بھی تبادلہ خیال کیا جو مستقبل قریب میں 300 ملین ڈالر تک بڑھائے جا سکتے ہیں۔ وفد نے مؤثر سکریننگ کا طریقہ کار نہ ہونے کے باعث بڑی تعداد میں ٹی بی کے کیسز سامنے نہ آنے کے حوالہ سے وزارت قومی ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوآرڈینیشن کے تعاون سے مؤثر سکریننگ اور ٹی بی کے خاتمہ کیلئے حقائق پر مبنی منصوبہ وضع کرنے کیلئے اپنی تجاویز سے بھی آگاہ کیا۔

وزیراعظم عمران خان نے وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت معاشرہ کے تمام طبقات کو معیاری اور مناسب صحت عامہ کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے بھرپور توجہ دے رہی ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ کمپنی ٹی بی کی نشاندہی اور خاتمہ کیلئے مجوزہ اقدامات کے ساتھ ساتھ ملیریا سمیت دیگر امراض پر قابو پانے اور بچائو کیلئے بھی اقدامات کرے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فلیگ شپ پروگرام ’’احساس‘‘ کے تحت کچھ نجی ہسپتالوں کو بھی پینل پر لیا گیا ہے اور بلوچستان، اندرون سندھ، خیبرپختونخوا اور جنوبی پنجاب میں ٹی بی کے واقعات سے نمٹنے کیلئے ان ہسپتالوں کو مجوزہ اقدامات سے آگاہ کیا جائے۔

سیکرٹری صحت ڈاکٹر الله بخش ملک نے گلوبل فنڈ کے پاکستان میں منصوبوں کی حالیہ صورتحال کے متعلق آگاہ کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات