Live Updates

لاہور ہائیکورٹ میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی

وزیراعظم عمران خان نے عدلیہ مخالف تقاریر کیں۔ درخواستگزار کا مؤقف

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 23 نومبر 2019 14:53

لاہور ہائیکورٹ میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 23 نومبر 2019ء) : وزیراعظم عمران خان کے خلاف لاہور ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دائر کر دی گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق لاہور ہائیکورٹ میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف توہین عدالت کی درخواست ایڈووکیٹ محمد فیضان نصیر چوہان اور طاہر مقصود بٹ نے دائر کی جس میں کہا گیا کہ وزیراعظم عمران خان پرعدلیہ مخالف تقاریر کرنے کا الزام عائد کیا۔

درخواستگزاران نے مؤقف اپنایا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنی تقاریر میں عدلیہ کی کارکردگی پر بات کی اور اپوزیشن کے خلاف زیر سماعت مقدمات پر اثر انداز ہونے کی کوشش کی۔ درخواست کے متن کے مطابق تقاریر میں اعلیٰ عدلیہ کے ججز اور ان کے فیصلوں کو تنقید کا نشانہ بنانا توہین عدالت زمرے میں آتا ہے، سپریم کورٹ نے 2013ء میں بھی عمران خان کو عدلیہ مخالف تقاریر کرنے پر توہینِ عدالت کا نوٹس جاری کیا تھا۔

(جاری ہے)

درخواستگزاروں کا کہنا تھا کہ عدلیہ مخالف بیانات دینے پر سپریم کورٹ نے طلال چوہدری اور نہال ہاشمی سمیت دیگر کئی سیاستدانوں کو سزائیں دیں۔ درخواست میں لاہور ہائیکورٹ سے استدعا کی گئی کہ عدلیہ مخالف بیان دینے پروزیراعظم عمران خان کو پارلیمنٹ سے نا اہل قرار دے کر ان کے خلاف توہین کی کارروائی کا حکم دیا جائے اور وزیر اعظم عمران خان کو ذاتی حیثیت میں طلب کرکے ان سے عدلیہ مخالف بیانات کی وضاحت طلب کی جائے۔

یاد رہے کہ رواں ہفتے وزیراعظم عمران خان نے ہزارہ موٹروے حویلیاں مانسہرہ سیکشن کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ چیف جسٹس سپریم کورٹ سے درخواست ہے کہ طاقتور اور کمزورکیلئے دو قوانین نہیں ہونے چاہئیں، جسٹس کھوسہ اور جسٹس گلزار سے کہتا ہوں کہ ہم ساری جگہوں سے پیسہ نکالیں گے، حکومت ہرطرح کی مد د کرے گی، حکومت پیسہ دینے کو بھی تیار ہے، لیکن عدلیہ کو عوام میں اپنا اعتماد بحال کرانا ہوگا، کیونکہ عدلیہ آزاد ہے۔

جس کے بعد 20 نومبر کو ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس آصف سعید کھوسہ نے کہا تھا کہ جس کیس میں وزیراعظم نے طعنہ دیا،اس کیس میں انہوں نے خود باہر جانے کی اجازت دی۔ انہوں نے کہا تھا کہ عدلیہ میں خاموش انقلاب آ گیا ہے ہمیں طاقتور کا طعنہ نہ دیں،ایک وزیراعظم کو سزا دی ایک کو نا اہل کیا،سابق آرمی چیف کے مقدمے کا بھی فیصلہ ہونے جا رہا ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات