سیرت النبیﷺ کی معلومات کو عام کرنا قابلِ تقلید عمل ہے، نجیب ہارون

معلوماتِ عامہ کا فروغ احسن اقدام ہے، محفوظ یار خان پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے تحت سیرت النبیﷺ کے سلسلے میں مقابلہ معلومات کا انعقاد۔ سید جاوید رضا، سعید احمد سعید، واجد رضا اصفہانی اور محمد عارف سومرو نے بھی خطاب کیا۔

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 6 دسمبر 2019 23:36

سیرت النبیﷺ کی معلومات کو عام کرنا قابلِ تقلید عمل ہے، نجیب ہارون

سیرت النبیﷺ کی معلومات کو عام کرنا قابلِ تقلید عمل ہے۔ یہ بات ممبر قومی اسمبلی اور پرائم منسٹر کے پروگرام برائے ہائوسنگ نجیب ہارون نے سر سید گورنمنٹ گرلز کالج کراچی میں پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے تحت منعقدہ مقابلہ معلومات سیرت النبیﷺ سے بحیثیت مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ طلباء و طالبات میں علم و آگہی کو پروان چڑھانا اور ان کی حوصلہ افزائی کرنا قابلِ فخر ہے۔

تقریب کے صدر سابق ممبر صوبائی اسمبلی محفوظ یار خان نے کہا کہ معلومت عامہ کا فروغ احسن اقدام ہے۔ پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کے وائس چیئرمین اور معروف کوئزر سید جاوید رضا نقوی نے کہا کہ ہم معلومات عامہ کے فروغ کے لیے گذشتہ 4 دہائیوں سے زائد عرصے سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہم اپنی جدوجہد جاری رکھتے ہوئے اسی طرح طلباء و طالبات کی لیے مقابلوں کا انعقاد کرتے رہیں گے۔

سر سید گورنمنٹ گرلز کالج کی پرنسپل پروفیسر خالدہ پروین نے کہا کہ ہم ایسے تمام لوگوں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں جو ہمارے طلبہ کیلئے ترقی کے مواقع فراہم کرتے ہیں۔ قبل ازیں پاکستان کوئز سوسائٹی انٹرنیشنل کراچی چیپٹر کے صدر سعید احمد سعید نے سوسائٹی کے اغراض و مقاصد پیش کیے۔ اس مقابلہ میں کوئز ماسٹر کے فرائض سید مجیب بکر الہاشمی نے عمدہ طریقے سے ادا کیے۔

ججز سید ایاز رضا ترمذی، سعید احمد سعید اور یاسمین شیخ کے مطابق اول پوزیشن ٹاپ لیڈنگ ہائر سیکنڈری اسکول کے عمر خالد، عزیز اللہ، دوئم پوزیشن اے آر ٹی کالج کے عبدالواحد اور سبین جعفری، سوئم پوزیشن سر سید گورنمنٹ گرلز کالج کی بشرا عثمان اور محمد حسین دلاور نے حاصل کی۔ سیدہ تحسین فاطمہ نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔