امریکی ریاست نیو جرسی میں فائرنگ

فائرنگ کے نتیجے میں ایک پولیس اہلکار ہلاک ہوگیا، جبکہ 6 زخمی افراد کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا

Ahmad Tariq احمد طارق بدھ 11 دسمبر 2019 02:25

امریکی ریاست نیو جرسی میں فائرنگ
نیو جرسی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 11دسمبر2019ء)  امریکی ریاست نیو جرسی کے علاقے جرسی سٹی میں نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی۔ ابتدائی اطلاعلات کے مطابق فائرنگ سے ایک پولیس افسر ہلاک ہوگیا۔ شدید فائرنگ کے بعد پولیس نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا۔

جرسی سٹی میں اسکول اوردیگر عوامی مقامات بند کردیئے گئے ہیں۔ امریکی میڈیا کے مطابق گولی پولیس افسر کے سرمیں لگی جس کی وجہ سے افسر ہلاک ہوگیا۔ فائرنگ کے نتیجے میں چھ افراد شدید زخمی ہوگئے جنہیں قریبی ہسپتال میں طبی معائنے کیلئے منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع نے دعویٰ کیا ہے کہ فائرنگ دو افراد کی جانب سے کی گئی اور دونوں افراد اسٹور میں موجود تھے۔

(جاری ہے)

ایک مبینہ ملزم اسٹور سے فرار ہوکر قریبی اسکول میں گھس گیا، لیکن پولیس نے کامیاب آپریشن کرکے علاقے کوبڑی تباہی سے بچا لیا۔ امریکی پولیس حکام نے کہا کہ فائرنگ کے وقت اسٹور میں مزید چار افراد بھی موجود تھے، پولیس نے ان افراد کے بارے میں معلومات دینے سے معذرت کرتے ہوئے کہا کہ ابھی ان افراد کے بارے میں کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہوگا۔ پولیس نے کہا کہ ان افراد کے بارے میں یہ بھی کہنا قبل ازوقت ہوگا کہ آیا یہ چار افراد ملزمان کے ساتھی ہیں یا عام شہری ہیں، اس بارے میں تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ پولیس نے آپریش کرکے علاقے کو ریسکیو کرلیا ہے تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔  پولیس کی جانب سے ملزمان کے بارے میں تفصیلات حاصل کی جارہی ہیں۔    دوسری جانب کچھ روز قبل امریکی نیول بیس پر بھی حملہ کیا گیا اور نامعلوم افراد کی جانب سے شدید فائرنگ کی گئی۔