ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار ،اسکردو منفی 21 ڈگری کے ساتھ سرد ترین علاقہ رہا

منگل 31 دسمبر 2019 14:43

ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار ،اسکردو منفی 21 ڈگری کے ساتھ سرد ترین ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 31 دسمبر2019ء) ملک بھر میں سردی کی شدت کم نہ ہو سکی ،بالائی علاقوں میں برف اور میدانی علاقوں میں سرد ہوائوں کا راج رہا، گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران اسکردو منفی 21 ڈگری کے ساتھ سرد ترین علاقہ رہا۔محکمہ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 9 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ، زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 23 سے 25 ڈگری سینٹی گریڈ تک بڑھنے کا امکان ہے۔

شہرِ قائد میں شمال مشرق کی سمت سے 10 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، جن میں نمی کا تناسب 56 فیصد ہے اور صبح میں دھند ہونے کے باعث اس وقت حدِ نگاہ 2 اعشاریہ 5 کلو میٹر ہے۔محکمہ موسمیات کی جانب سے کراچی میں 3 جنوری کے بعد بارش اور سردی کی شدت میں اضافے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ادھر اسلام آباد میں صبح کے اوقات میں ہلکی دھند رہی، محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران اسلام آباد کا موسم سرد اور خشک رہے گا۔

لاہور اور اس کے گرد و نواح میں ہلکی دھند ہے جبکہ سردی کی شدت میں اضافہ ہو گیا ۔کوئٹہ میں درجہ حرارت منفی 3 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، ایبٹ آباد اور چکوال میں منفی 2، اسلام آباد میں منفی ایک، پشاور میں ایک، مری، راول پنڈی، لاہور، ملتان اور بہاول پور میں 2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔