کراچی، شمال مشرق سے آنے والی یخ بستہ ہواوں کا راج،یکم جنوری جاڑے کا سرد ترین دن قرار

اس وقت پورا پاکستان سائبیریا سے آنے والی ٹھنڈی شمالی ہوائوں کی زد میں ہے جس کی وجہ سے پورے ملک کا درجہ حرارت کافی کم ہے، محکمہ موسمیات

بدھ 1 جنوری 2020 16:25

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 01 جنوری2020ء) کراچی میں نئے سال کا پہلادن سرد ترین ثابت ہوا، سائبریا کی سرد ہوائوں نے شہریوں کی قلفی جمادی، محکمہ موسمیات کے مطابق سرد ہوائوں کا سلسلہ 2 روز تک جاری رہنے کاامکان ہے۔کراچی میں سال نو کا استقبال تیز سائبرین ہوائوں نے کیا ہے، چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفرازکے مطابق یکم جنوری جاڑے کا سرد ترین دن قرار پایا ہے۔

تفصیلات کے مطابق کراچی میں نئے سال کا پہلاروز سرد ترین رہا اور کم سے کم درجہ حرارت9ڈگری سینٹی گریڈ جبکہ زیادہ سے زیادہ17سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ۔چیف میٹرولوجسٹ سردار سرفرازکے مطابق سائبرین ہوائوں سے کراچی کا موسم مزید سرد ہوگیا ہے، یکم جنوری سیزن کا سرد ترین دن ریکارڈ کیا گیا، شہر میں30 سی35کلو میٹر فی گھنٹہ رفتار سے ہوا چل رہی ہے اور نمی کا تناسب55 فیصد ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ کراچی میں 40 سی45 کلومیٹرفی گھنٹہ تک تیزہوا کے جھکڑ متوقع ہیں، تیز ہوا کے سبب سردی کی شدت زیادہ محسوس ہورہی ہے، سرد ہوائوں کا سلسلہ 2 روز تک جاری رہے گا اور درجہ حرارت 8ڈگری سینٹی گریڈ سے نیچے جا سکتا ہے۔سردار سرفراز کے مطابق بدھ کو تیز ہوائوں کی وجہ سے نا صرف شہر کا درجہ حرارت کم ہوا ہے بلکہ انسانوں کو محسوس ہونے والا درجہ حرارت بھی کافی کم ہوا ہے اور اس وقت اکثر لوگوں کو درجہ حرارت 11 یا 12 ڈگری سینٹی گریڈ محسوس ہو رہا ہے جو کہ رات کے حساب سے بھی کافی کم ہے۔

سردار سرفراز کے مطابق اس وقت پورا پاکستان سائبیریا سے آنے والی ٹھنڈی شمالی ہوائوں کی زد میں ہے جس کی وجہ سے پورے ملک کا درجہ حرارت کافی کم ہے۔کراچی والے کافی خوش قسمت ہیں کیونکہ یہاں پر گزشتہ رات درجہ حرارت صرف 9 ڈگری سینٹی گریڈ رہا جبکہ ملک کے اکثر علاقوں میں درجہ حرارت یا تو منفی یا صفر کے آس پاس رہا جس کی وجہ سے میدانی اور پہاڑی علاقوں میں رہنے والے لوگوں کی قلفی جم گئی۔

سردار سرفرازنے کہاکہ شمال مشرق سے آنے والی تیز ہوائوں کا سلسلہ کراچی میں مزید دو روز تک جاری رہ سکتا ہے، جس کے نتیجے میں شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 19 سے 20 ڈگری سینٹی گریڈ اور کم سے کم درجہ حرارت سات سے آٹھ ڈگری سینٹی گریڈ تک گر سکتا ہے۔انہوں نے مشورہ دیا کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں خصوصا بچوں کو تیز ٹھنڈی ہوائوں سے بچانے کا اہتمام کریں، انہوں نے کہاکہ عموما کراچی میں جنوری کا مہینہ دسمبر کی نسبت ٹھنڈا رہتا ہے۔

محکمہ موسمیات کے ریکارڈ کے مطابق کراچی میں کم سے کم درجہ حرارت جنوری 1934 میں صفر ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا تھا۔اگرچہ اس جنوری میں درجہ حرارت کے اس حد تک گرنے کا کوئی امکان نہیں لیکن ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ جنوری کا مہینہ کراچی والوں کے لیے کافی ٹھنڈا رہے گا۔