ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید کے دورہ پاکستان کی اصل وجہ سامنے آگئی

متحدہ عرب امارات پاکستان کے توانائی اور دیگر شعبوں میں جلد سے جلد سرمایہ کاری کرنے کا خواہاں، وزیراعظم نے اس حوالے سے تمام رکاوٹوں کو جلد ختم کروانے کی یقین دہانی کروا دی، 5 ارب ڈالرز خلیفہ کوسٹل ریفائنری منصوبہ امارات کی سب سے اہم سرمایہ کاری ہوگی

muhammad ali محمد علی جمعرات 2 جنوری 2020 20:58

ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید کے دورہ پاکستان کی اصل وجہ سامنے ..
لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 02 جنوری 2020ء) ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید کے دورہ پاکستان کی اصل وجہ سامنے آگئی، متحدہ عرب امارات پاکستان کے توانائی اور دیگر شعبوں میں جلد سے جلد سرمایہ کاری کرنے کا خواہاں، وزیراعظم نے اس حوالے سے تمام رکاوٹوں کو جلد ختم کروانے کی یقین دہانی کروا دی، 5 ارب ڈالرز خلیفہ کوسٹل ریفائنری منصوبہ امارات کی سب سے اہم سرمایہ کاری ہوگی۔

تفصیلات کے مطابق ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ ابوظہبی کے ولی عہد کی جانب سے ایک روزہ دورہ پاکستان کا مقصد سرمایہ کاری سے متعلق معاملات کو حتمی شکل دینا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ متحدہ عرب امارات پاکستان کے توانائی اور دیگر شعبوں میں اربوں ڈالرز کی سرمایہ کاری کرنا چاہتا ہے۔ خاص کر متحدہ عرب امارات بلوچستان کے شہر حب میں آئل ریفائنری منصوبے کے جلد آغاز کا خواہاں ہے۔

(جاری ہے)

متحدہ عرب امارات حب میں 5 ارب ڈالرز کی لاگت سے خلیفہ کوسٹل ریفائنری تعمیر کرے گا۔ وزیراعظم عمران خان نے ابوظہبی کے ولی عہد کو یقین دہانی کروائی ہے کہ متحدہ عرب امارات کی پاکستان میں سرمایہ کاری کی راہ میں حائل تمام رکاوٹیں جلد دور کر دی جائیں گی۔ واضح رہے کہ جمعرات کے روز ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ میں آج اسلام آباد پہنچا ، وہاں پاکستان کے وزیراعظم اور اپنے دوست سے ملاقات کی۔

ملاقات میں علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ابوظہبی کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید نے کہا کہ ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی
۔ واضح رہے متحدہ عرب امارات کے ولی عہد شیخ محمد بن زاید النیہان کا ایک روزہ دورے پر پاکستان پہنچنے پر وزیر اعظم عمران خان نے خود استقبال کیا اور گاڑی بھی چلائی ۔

جمعرات کو ابو ظہبی کے ولی عہد اپنے وفد کے ہمراہ نور خان ائیربیس پہنچے جہاں ان کا استقبال وزیر اعظم عمران خان نے کیا۔ اس موقع پر روایتی لباس میں دو بچوں نے مہمان خصوصی کو گلدستے پیش کیے اور انہیں خوش آمدید کہا۔ بعدازاں وزیراعظم کے ہمراہ ولی عہد شیخ محمد وزیراعظم ہاؤس پہنچے، اس دوران عمران خان نے خود گاڑی چلائی۔ اسی طرح وزیراعظم عمران خان نے ابوظہبی کے ولی عہد اور یو اے ای کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر شیخ محمد بن زاید النہیان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا۔ اس موقع پر وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر اور وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب اور یو اے ای کے وفد کے ارکان بھی موجود تھے۔ قبل ازیں وزیراعظم اور شیخ محمد بن زاید النہیان کے مابین ملاقات ہوئی۔