ضلع بھر میں عطائیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون جاری

بغیر لائسنس اور غیر مجاز کلینکس پر محکمہ صحت کے چھاپے اور سخت کارروائی

ہفتہ 4 جنوری 2020 17:07

ضلع بھر میں عطائیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون جاری
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جنوری2020ء) ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی کی جانب سے ضلع بھر میں عطائیوں کے خلاف بھرپور کریک ڈائون جاری ،محکمہ صحت کا بغیر لائسنس اور غیر مجاز کلینکس پر چھاپوں کاسلسلہ بھی جاری ۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر ذیشان خرم نے ہفتہ کو اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے بتایاکہ ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی کی جانب سے ضلع بھر میں عطائی کلینکس اور ڈاکٹروں کے خلاف جاری مہم کے دوران ایک ہفتہ میں مزید دو کلینکس سربمہر کردیئے گئے ہیں ۔

انہوں نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ جعلی ڈاکٹروں کے خلاف سپریم کورٹ آف پاکستان کے احکامات کی روشنی میں کارروائی کی جا رہی ہے ۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی راولپنڈی نے ایسے غیر مجاز ، جعلی اور بوگس کلینکس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے ڈھوک کھبہ میں زاہد ڈینٹل کلینک اور صادق آباد کے علاقے میں ٹی ایم ڈینٹل کلینک کو کام سے روک کر سربمہر کر دیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایاکہ ان کلینکس کو ماہر ڈاکٹرز کی بجائے ٹیکنیشنز چلا رہے تھے اور یہ پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل سے رجسٹرڈ بھی نہ تھے ۔انہوں نے بتایاکہ سربمہر کیے گئے کینکس کے بارے میں رپورٹ پنجاب ہیلتھ کیئر کمیشن کو بھجوا دی گئی ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوںنے بتایاکہ ضلع بھر میں عطائیوں کے خلاف بھرپور کارروائی جا ری ہے اور کسی کو بھی عوام کی جانوں سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔