مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما کا گھر مسمار کردیا گیا

سینیٹر چوہدری تنویر حسین کے اسلام آباد والے گھر کو مسمار کردیا گیا

Ahmad Tariq احمد طارق پیر 6 جنوری 2020 00:47

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما کا گھر مسمار کردیا گیا
اسلام آباد (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 جنوری 2020ء) مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما اور سینیٹر چوہدری تنویر کے گھر کو مسمار کردیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سینیٹر چوہدری تنویر حسین کے اسلام آباد بحریہ ٹاون والے گھر کو مسمار کردیا گیا ہے۔ اسلام آباد پولیس نے لیگی رہنما کے گھر کو مسمار کیا۔ اس حوالے سے رانا تنویر کے بیٹے دانیال تنویر نے ویڈیو پیغام جاری کیا، جس میں انہوں نے حکومت سمیت اسلام آباد پولیس پر شدید تنقید کی۔

ویڈیو پیغام میں دانیال تنویر کا کہنا تھا کہ اسلام آباد پولیس نے ہمارے گھر پر حملہ کیا، پولیس اپنے ساتھ غنڈے بھی لیکر آئی، اور ہماری عزت کا خیال نہیں کیا گیا۔ دانیال تنویر نے مزید کہا کہ "اسلام آباد پولیس کے پاس ہمارے گھر کو مسمار کرنے کا کوئی لیگل نوٹس نہیں تھا، اور یہ قانون کی خلاف ورزی ہے، قانون میں صاف لکھا ہوا ہے کہ کسی بھی گھر کو مسمار کرنے سے 14 دن قبل نوٹس بھیجنا لازمی ہے، انہوں نے غنڈوں کے ساتھ مل کر ہمارے گھر کی دیواریں توڑیں، ہم نے انہیں منع بھی کیا کہ ہمارے گھر میں ہماری مائیں بہنیں موجود ہیں، ہماری چار دیواری کا خیال کیا جائے، لیکن انہوں نے ہماری ایک نہ سنی اور ہمارے گھر دھاوا بول دیا۔

(جاری ہے)

" انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس سب ایکشن کے پیچھے شیخ رشید ہے، جو ہمارے خلاف ہے، اسی کی وجہ سے یہ سب کچھ ہوا۔ دوسری جانب دانیال تنویر نے عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہم ان کیخلاف ہر آئینی قدم اٹھائیں گے اور بہت جلد ان کیخلاف عدالت جارہے ہیں۔ واضح رہے کہ اتوار کے روز اسلام آباد پولیس کی جانب سے بحریہ ٹاون اسلام آباد میں موجود سینیٹر چوہدری تنویر کے گھر کو مسمار کردیا گیا تھا، تاہم اس حوالے سے پولیس کی جانب سے کوئی بھی تفصیلات منظر عام پر نہیں آئیں۔