حکومت کا گیس کی پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھانے کا اعلان

حکومت گیس تلاش کیلئے18 نئے بلاکس جلد ٹینڈرکررہی ہے، تیل وگیس شعبے میں غیر ملکی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ترغیبات دیں گے۔ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ اتوار 12 جنوری 2020 23:01

حکومت کا گیس کی پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھانے کا اعلان
اسلام آباد (اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 12 جنوری2020ء) حکومت نے گیس کی پیداوار بڑھانے کیلئے اقدامات اٹھانے کا اعلان کردیا۔ معاون خصوصی اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے کہا کہ حکومت گیس تلاش کیلئے18 نئے بلاکس جلد ٹینڈر کر رہی ہے، تیل و گیس شعبے میں غیر ملکی کمپنیوں کو سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ترغیبات دیں گے۔ انہوں نے ماڑی پٹرولیم کمپنی کے زیراہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ماڑی پٹرولیم کمپنی کو نمایاں کارکردگی پر کئی انعامات سے بھی نوازا جا چکا ہے، پاکستان تحریک انصاف کی حکومت ایکسپلورًیشن اور پروڈکشن پر بھرپور توجہ دے رہی ہے تاکہ گیس کی پیداوار کو بڑھایا جاسکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت نے ایکسپلوریشن اور پروڈکشن پالیسی میں کافی ترامیم کی ہیں جس کے نتیجے میں بین الاقوامی کمپنیوں کی اس شعبہ میں دلچسپی بڑھے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم 18 نئے بلاکس ٹینڈر کرنے جا رہے ہیں،اس ضمن میں بین الاقوامی کمپنیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی قیادت میں پاکستان آگے بڑھے گا،دنیا میں اپنا وقار اور تشخص بحال کرے گا۔

معاون خصوصی نے کہا کہ پرائیوٹ سیکٹر کا ملکی معیشت کی ترقی میں اہم کردار ہے،ماڑی پٹرولیم جیسی کمپنیاں ملکی معاشی سرگرمیوں میں اہم کردار ادا کررہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ صنعتی سرگرمیوں کا فروغ کسی بھی ملک کی معاشی ترقی کیلئے ناگزیر ہوتا ہے،کاروبارکیلئے سازگار مواقع کی فراہمی حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ کاروبار میں آسانی کیلئے مزید اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان میں کارپوریٹ فرینڈلی ماحول قائم کرنا چاہتے ہیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ گیس کی پیداوار بڑھانے کیلئے جامع پالیسی ترتیب دی گئی ہے،تیل و گیس کے شعبے میں غیر ملکی سرمایہ کاری کیلئے پرکشش ترغیبات دی جا رہی ہیں ،نجی شعبے کو حکومتی کاوشوں کو کامیاب کرنے کیلئے آگے آنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے حوالے سے ماڑی پٹرولیم کا کردار لائق تحسین ہے ،اوورسیز پاکستانی ملکی معاشی استحکام میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔معاون خصوصی نے کہا کہ مائنڈ سیٹ بدلنے کے بعد ہی پاکستان بدلے گا،وزیراعظم سیاسی نتائج سے بے خوف ہو کر ملکی بہتری کیلئے مشکل فیصلے کر رہے ہیں۔