صوبائی وزیر صنعت وتجارت میا ں اسلم اقبال کا اپنے انتخابی حلقے کا دورہ،مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح

غریب عوام کا طرز زندگی بہتر بنانا عمران خان کا ویژن ہے، احساس پروگرام،پناہ گاہ اور صحت انصاف کارڈ کے انقلابی پروگرام غریب عوام کے لئے ہیں،صوبائی وزیر صنعت وتجارت

پیر 13 جنوری 2020 18:24

صوبائی وزیر صنعت وتجارت میا ں اسلم اقبال کا اپنے انتخابی حلقے کا دورہ،مختلف ..
لاہور۔13 جنوری(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 جنوری2020ء) صوبائی وزیر صنعت وتجارت میاں اسلم اقبال نے اپنے صوبائی حلقہ کا دورہ کیا۔ مختلف ترقیاتی منصوبوں کا افتتاح کیا،حلقے کے عوام سے ملاقاتیں کی اور عوامی اجتماعات سے خطاب کیا۔ اپنے حلقہ میں پہنچنے پر عوام نے صوبائی وزیر کا زبردست استقبال کیا صوبائی وزیرنے مختلف ترقیاتی منصوبوں کے افتتاح کے موقع پر عوامی اجتماعات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں عوام کی خوشحالی کا سفر کامیابی سے طے کر یں گے۔

وسائل قوم کی امانت ہیں اور حکومت یہ امانت انہیں لوٹارہی ہے۔غریب عوام کا طرز زندگی بہتر بنانا عمران خان کا ویژن ہے۔ احساس پروگرام،پناہ گاہ اور صحت انصاف کارڈ کے انقلابی پروگرام غریب عوام کے لئے ہیں۔

(جاری ہے)

غربت میں گھرے عوام کی زندگیوں میں آسانی لانے کے لئے راشن کارڈ سکیم بھی لا رہے ہیں۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ معیشت کا پہیہ چل پڑا ہے اور قومی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے۔

یہ وقت پوائنٹ سکورنگ کا نہیں بلکہ مثبت وتعمیری سیاست کا ہے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ ملک کی تیز رفتار ترقی مخالفین کی نیندیں اڑا رہی ہے۔تحریک انصاف کی حکومت نے کرپشن سے پاک سیاست کو فروغ دے کر کرپٹ مافیا کی سیاست دفن کر دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں ترقیاتی منصوبوں کے نام پر لوٹ مار کا بازار گرم رکھا گیا۔کرپٹ حکمرانوں نے اپنی تشہیر کے منصوبے لگائے جن سے عوام کو کوئی فائدہ نہ ہوا۔

عوام نے 2018 کے انتخابات میں کرپٹ مافیا سے ووٹ کی طاقت سے جان چھڑا لی ہے۔ میاں اسلم اقبال نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے غریب عوام کا حق چھینا اور عوام نے ان سے اقتدار چھین لیا۔لوٹ مار اور کرپشن کا دور اب کبھی لوٹ کر نہیں آئے گا۔وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں ملک پر عوام کا راج ہے ۔ انہوں نے کہا کہ نیا پاکستان کرپشن سے پاک ہوگا اور عام آدمی سر اٹھا کرجئے گا۔تبدیلی کا سفر جاری ہے اور نئے پاکستان کی منزل قریب ہے۔