بلوچستان میں 3روز کے دوران بارشوں برفباری کے باعث 22 افراد جاں بحق28 زخمی

کوئٹہ کا اندرون ملک سے رابطہ منقطع،گیس ،بجلی نہ ہونے کے باعث سردی میں شہری مختلف مسائل سے دوچار

پیر 13 جنوری 2020 19:33

بلوچستان میں 3روز کے دوران بارشوں برفباری کے باعث 22 افراد جاں بحق28 زخمی
کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جنوری2020ء) بلوچستان میں 3روز کے دوران بارشوں برفباری کے باعث 22 افراد جاں بحق28 زخمی ہو گئے ، برفباری کے سبب کوئٹہ کا اندرون ملک سے رابطہ منقطع کئی پروازین منسوخ ہو گئیں،گیس اور بجلی نہ ہونے کے باعث شدید سردی میں شہری مختلف مسائل سے دوچار ہیں ۔تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں بارشوں اور برفباری نے تباہی مچا دی کوئٹہ ،ژوب ، پشین ،چمن ، قلعہ سیف اللہ ، شیرانی اور خضدار میں مکانات کی چھتیں گرنے ، گیس لیکیج اور قومی شاہراہ پر ٹریفک حادثات میںبچوں اور خواتین سمیت 22 افراد جاں بحق ،28 زخمی ہوگئے ، کوئٹہ میں بجلی کی20 فیڈرٹرپ کر گئے جس کی وجہ سے کوئٹہ شہر کے اکثر علاقوں میں گزشتہ چوبیس گھنٹے سے بجلی کی فراہمی معطل ہے تو دوسری طرف گیس بھی غائب ہے جس نے شدید سردی میں شہریوں کے مسائل میں مزید اضافہ کردیا ہے اور عوام لکڑی اور کوئلہ جلاکر سردی کی شدت کو کم کرنے میں مصروف ہیں کوئٹہ سمیت دیگر علاقوں میں سرد ہوائیں چلیں تو ہر جگہ قلفی جم گئی شہری مزید نقصان سے بچنے کے لئے گھر کی چھتوں اور سڑکوں سے برف صاف کرتے رہے۔

(جاری ہے)

برفباری کے سبب کوئٹہ کا اندرون ملک سے رابطہ کئی گھنٹوں تک معطل رہا ، کئی پروازیں منسوخ ، کوئٹہ ائیر پورٹ پر طیارہ رن وے سے اتر گیا عام شہری اور قومی شاہراہوں پر سفر کرنے والے مسافر پریشانی سے دوچار ہیں۔محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران زیارت میں2 ، کوئٹہ 1 فٹ ،ژوب میں 9 انچ برف پڑی جبکہ اورماڑہ 40 ، خضدار، پشین 20، بارکھان 17،جیوانی میں 14ملی میٹر بارش ہوئی ، محکمہ موسمیات کے مطابق زیارت میں درجہ حرات منفی 6، ژوب اور کوئٹہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ رہا بارش اور برف برسانے والا سسٹم توبلوچستان سے نکل چکا لیکن سردی کی شدت بڑھے گی اور درجہ حرارت مزید کم ہونے کا خدشہ ہے۔