امریکہ کا بغدادمیں فضائی اڈے پر ایک بار پھر حملے پر شدید غم وغصے کا اظہار

میں زخمیوں کی فوری صحتیابی کی دعا عراق کی حکومت سے عراقی عوام پر کیے گئے حملے کے ذمہ داران کے احتساب کا مطالبہ کرتا ہوں، سیکرٹری خارجہ مائیک پومپیو

پیر 13 جنوری 2020 23:15

امریکہ کا بغدادمیں فضائی اڈے پر ایک بار پھر حملے پر شدید غم وغصے کا ..
نیویارک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 13 جنوری2020ء) امریکی سیکریٹری خارجہ مائیک پومپیو نے کہا ہے کہ وہ عراق کے دارالحکومت بغداد میں فضائی اڈے پر حالیہ حملے کے بعد ’غم و غصے‘ کا شکار ہیں۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر کیے گئے ٹوئٹ میں مائیک پومپیو نے کہا کہ ’عراقی فضائی اڈے پر ایک اور راکٹ حملے کی اطلاعات پر برہم ہوں‘۔انہوں نے کہا کہ ’میں زخمیوں کی فوری صحتیابی کی دعا کرتا ہوں اور عراق کی حکومت سے عراقی عوام پر کیے گئے حملے کے ذمہ داران کے احتساب کا مطالبہ کرتا ہوں‘۔

مائیک پومپیو نے مزید کہا کہ وہ گروہ جو عراقی حکومت کے وفادار نہیں ہیں، ان کی جانب سے عراق کی خودمختاری کی خلاف ورزیوں کا لازمی خاتمہ ہونا چاہیے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز عراق کے شہر بغداد میں واقع البلد فضائی اڈے پر راکٹوں کے حملوں میں 4 مقامی فوجی زخمی ہوگئے تھے۔

(جاری ہے)

عراقی فوج کے بیان میں کہا گیا تھا کہ 8 کاتیوشا راکٹ البلد ایئربیس سے ٹکرائے جس میں دو عراقی افسر اور دو ایئرمین زخمی ہوگئے جہاں امریکی فوجی بھی تعینات ہیں۔

واضح رہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان کشیدگی اس وقت عروج کو پہنچی تھی جب امریکا نے بغداد ایئرپورٹ کے قریب ایرانی پاسداران انقلاب کی قدس فورس کے سربراہ جنرل قاسم سلیمانی اور عراقی پیراملیٹری کے سربراہ سمیت 9 افراد کو نشانہ بنایا تھا۔ایرانی کمانڈر کی ہلاکت کے بعد ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ خامنہ ای نے کہا تھا کہ امریکا کو اس حملے کا بھرپور جواب دیا جائے گا جبکہ اقوام متحدہ میں ایران کے سفیر نے امریکی اقدام کو جنگ قرار دیا تھا۔