بھارتی فوج پرنوجوانوں کا عدم اعتماد، فوج میں افسران کی کمی ہوگئی

عدم اعتمادی کے باعث بھارتی نوجوان فوج میں شمولیت کیلئے تیار نہیں، بری فوج میں بحریہ اور فضائیہ کی نسبت افسران کی بہت زیادہ کمی ہوگئی ہے۔ بھارتی آرمی چیف کا اعتراف

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 14 جنوری 2020 20:43

بھارتی فوج پرنوجوانوں کا عدم اعتماد، فوج میں افسران کی کمی ہوگئی
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جنوری 2020ء) بھارتی فوج میں افسران کی کمی ہوگئی، بھارتی نوجوان فوج میں شمولیت کیلئے تیار نہیں ہورہے، بھارتی آرمی چیف نے بھی اعتراف کیا کہ بری فوج میں بحریہ اور فضائیہ کی نسبت افسران کی بہت زیادہ کمی ہوگئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی آرمی چیف جنرل منوج موکند نے بھارتی فوج میں افسران کے کمی کا اعتراف کر لیا ہے۔

بھارتی فوج کو ایسے نوجوان ہی نہیں مل رہے جو فوج میں شامل ہوسکیں۔ جن کا ویژن اور مورال ایک آرمڈ فورسز کے آفیسر کے معیار پر پورا اترتا ہو۔ جو لوگ اس معیار پر پورا اترتے ہیں وہ فوج میں شمولیت کیلئے تیار ہی نہیں ہورہے۔ بھارتی فوج پچھلے چار سال سے بھرتی کیمپس کا انعقاد کر رہی ہے۔ جہاں پر لوگوں کو فوج میں شمولیت کیلئے آمادہ کیا جاتا ہے اور لوگوں کو فوج میں اچھی مراعات اور تنخواہوں کا بھی جھانسا دیا جاتا ہے لیکن اس کے باوجود لوگ فوج میں شامل نہیں ہورہے۔

(جاری ہے)

تعلیم یافتہ نوجوانوں کو معلوم ہے کہ فوج میں پہلے ہی سپاہی اور افسران خودکشیاں کر رہے ہیں، اس طرح کے واقعات رپورٹ بھی ہوچکے ہیں۔ جبکہ اپوزیشن سیاسی جماعتوں اور لوگوں کا بھارتی فوج سے اعتماد بھی اٹھ رہا ہے، کیونکہ بھارتی فوج نے جس طرح مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کو یرغمال بنایا ہوا ہے۔ کرفیونافذ کیا ہوا ہے، ظلم وجبر ، نسل کشی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کررہی ہے۔

اس سے بھی لوگ بے زار ہیں۔ اسی طرح بھارتی لوگوں میں اپنی فوج کے فالس فلیگ آپریشن کے دعوؤں سے بھی عدم اعتمادی پائی جاتی ہے۔ دوسری جانب بھارتی آرمی چیف نے بھی اعتراف کیا ہے کہ بری فوج میں افسران کی بہت زیادہ کمی ہوگئی ہے۔ بری فوج میں بحریہ اور فضائیہ سے بھی افسران کم ہیں۔ خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی فوج کو اس وقت 7400 افسران کی کمی ہے۔ لیفٹیننٹ، کیپٹن یا میجر کے عہدوں پر افسران میں شدید قلت پائی جا رہی ہے۔