سی پیک مستقبل کی اقتصادی پالیسیوں کیلئے اہم محرک ہے، برونو مکائس

منگل 21 جنوری 2020 17:30

سی پیک مستقبل کی اقتصادی پالیسیوں کیلئے اہم محرک ہے، برونو مکائس
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جنوری2020ء) پرتگال کے سابق وزیر اور بزنس ایڈوائزری گلوبل کلنٹ کے سینئر مشیر برونو مکائس نے کہا ہے کہ سی پیک مستقبل کی اقتصادی پالیسیوں کیلئے اہم محرک اور دور دراز کے پیداورای مراکز کو ملکی پورٹس کے ساتھ منسلک کرنے کے ذریعے معیشت کی بہتری میں اہم کردار ادا کرتا رہے گا۔ یہ بات انہوں نے منگل کو کامسٹیک سیکرٹریٹ میں لیکچر کے دوران کہی۔

مکائس ’’دی ڈان آف یورو ایشیائ:‘‘ سمیت بین الاقوامی امور سے متعلق کئی کتابوں کے مصنف بھی ہیں۔ لیکچر کا اہتمام کامسیٹس نے گلوبل تھنک ٹینک نیٹ ورک کے اشتراک سے کیا تھا۔ ایگزیکٹو ڈائریکٹر کامسیٹس ڈاکٹر ایس ایم جنید زیدی، سابق گورنر بلوچستان و خیبرپختونخوا اویس احمد غنی، ڈاکٹر شعیب سڈل سمیت دیگر حکام نے شرکت کی۔

(جاری ہے)

مکائس نے بی آر آئی کے مختلف پہلوئوں کو اجاگر کرتے ہوئے کہا کہ بی آر آئی منصوبہ سے چین کی عالمی منڈیوں تک رسائی میں بہتری آئے گی اور جدید ترین ٹیکنالوجی حصول کے ذریعے بین الاقوامی معیارات کا ہدف حاصل کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ اس منصوبہ کا جغرافیائی سیاسی منظر نامہ پر انتہائی اثر ہو گا۔ سوال و جواب سیشن میں بی آر آئی میں یورپ کا کردار، منصوبہ سے متعلق خطرات، ٹیکنالوجی، جغرافیائی تبدیلیاں، خارجہ پالیسی، چینی کرنسی کی عالمگیریت اور ٹیکنالوجی کی منتقلی سے متعلق امور زیر بحث لائے گئے۔ اس کے علاوہ بی آر آئی کا ماحولیاتی پہلو بھی زیر بحث لایا گیا۔