بلوچستان میں پولیس اور لیویز پر دہشت گردوں کا حملہ، 4 اہلکار شہید، متعدد زخمی

یہ رات گئے ہونے والے اس حملے میں دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا؛ ڈپٹی کمشنر شیرانی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 17 ستمبر 2025 10:39

بلوچستان میں پولیس اور لیویز پر دہشت گردوں کا حملہ، 4 اہلکار شہید، متعدد ..
کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 17 ستمبر 2025ء ) صوبہ بلوچستان میں پولیس اور لیویز پر دہشت گردوں کے حملہ میں 4 اہلکار شہید اور متعدد زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچستان کے ضلع شیرانی میں پولیس اور لیویز کے تھانوں پر دہشت گردوں کی جانب سے حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں 3 لیویز اہلکار اور ایک کا نسٹیبل شہید ہوئے، ڈپٹی کمشنر شیرانی حضرت ولی کاکڑ نے بتایا کہ یہ رات گئے ہونے والے اس حملے میں دہشت گردوں نے بھاری ہتھیاروں کا استعمال کیا، جس کی وجہ سے تھانے کا کمیونیکیشن نظام بھی متاثر ہوا۔

ان کا کہنا ہے کہ حملے کے نتیجے میں پولیس اور لیویز کے متعدد اہلکار زخمی ہوئے، واقعے کی اطلاع ملتے ہی سکیورٹی فورسز کی بھاری نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی، ضلعی انتظامیہ نے صورتحال پر کڑی نظر رکھتے ہوئے ہنگامی اقدامات بھی شروع کر دیئے ہیں اس کے علاوہ ژوب کے ہسپتال میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

(جاری ہے)

ادھر بلوچستان کے ضلع کیچ کے علاقے شیر بندی میں سکیورٹی فورسز کی گاڑی کو آئی ای ڈی کے ذریعے نشانہ بنایا گیا، دھماکے کے نتیجے میں 5 جوان جامِ شہادت نوش کرگئے، شہداء میں کیپٹن وقار احمد ، نائیک اسمت اللہ، لانس نائیک جنید احمد، خان محمد اور سپاہی محمد ظہور شامل ہیں، فوج کے ترجمان ادارے (آئی ایس پی آر) نے بتایا کہ کلیئرنس آپریشن کے دوران بھارتی پراکسی نیٹ ورک فتنہ الہندستان کے 5 دہشت گردوں کو جہنم واصل کیا گیا، علاقے میں سرچ اور سینیٹائزیشن آپریشن جاری ہے تاکہ کسی بھی دیگر بھارتی سرپرست دہشت گرد کو بھی انجام تک پہنچایا جا سکے، سکیورٹی فورسز، پوری قوم کے ساتھ شانہ بشانہ، ملک کو بھارتی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی سے مکمل طور پر پاک کرنے تک اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی، شہداء کی عظیم قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔