چکی آٹے کی قیمت میں بلاجواز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا: سعید الحسن شاہ

بدھ 22 جنوری 2020 22:49

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 جنوری2020ء) صوبائی وزیر اوقاف سید سعید الحسن شاہ نے کہا ہے کہ پنجاب میں آٹے کا کوئی بحران نہیں ہے جبکہ وزیر اعلیٰ نے آٹے کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ضروری اقدامات جاری رکھنے کا حکم دیا ہے ، چکی آٹے کی قیمت میں بلاجواز اضافہ کسی صورت برداشت نہیں کروںکیا جائے گا، اس سلسلہ میں چکی آٹا کی قیمت میں استحکام کیلئے ہر ممکن اقدام اٹھائے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کااظہارانہوںنے پی ٹی آئی کے عہدیداروں کے وفد سے ملا قات کے دوران گفتگوکرتے ہوئے کیا ۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعلیٰ پنجاب کے حکم پر محکمہ خوراک نے صوبہ بھر میں فلور ملوں کی انسپکشن جاری رکھے ہوئے ہے ۔اب تک مجموعی طور پرہزاروں ملوں کی انسپکشن کی گئی ہیںاور سینکڑوںفلورملوں کیخلاف کارروائی عمل میں لاتے ہوئے گندم کا کوٹہ معطل کیا گیاجبکہ 88فلور ملوں کے لائسنس معطل کیے گئے ہیں اور انہیں14 کروڑ روپے جرمانہ بھی کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ہدایت پر مختلف شہروں میں قائم سیل پوائنٹس پر سرکاری نرخوں پر آٹے کے تھیلوں کی فراہمی جاری ہے۔ پنجاب میں وافر گندم کے سٹاک موجود ہیں اrور آٹے کی بھی کوئی قلت نہیں۔حکومت نے فلور ملوں میں گندم کی پسائی کے عمل کی مانیٹرنگ مزید سخت کرنے کی ہدایت کی ہوئی ہے ا ور گندم کا کوٹہ اوپن مارکیٹ میں فروخت کرنے والی ملوں کے خلاف قانون ہر حرکت میں آ یا ہواہے۔

فرائض سے غفلت برتنے اوربے ضابطگیوں میں ملوث محکمہ خوراک کے افسران کے خلاف بلاتفریق کارروائی جاری ہے اور آٹے کی قیمتوںمیں استحکام لانے کیلئے محکمہ خوراک اور انتظامی افسران کو متحرک کر دیا ہے۔ پنجاب میں فلور ملوں کو تقریباً 25 ہزار ٹن گندم فراہم کی جا رہی ہے۔ صوبے میں روزانہ کی بنیاد پر آٹے کی قیمت اور دستیابی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔خیبرپختونخوا کے بہن بھائیوں کی مدد ہمارا فرض ہے۔ پنجاب حکومت اپنے سٹاک سے خیبرپختونخوا کو روزانہ 5 ہزار ٹن گندم فراہم کرے گی اور یہ اقدام خیبرپختونخوا میں آٹے کی قلت کو دور کرنے میں ممد و معاون ثابت ہوگا۔