قدرتی ماحول کو برقرار رکھنے اور آلودگی کے خاتمہ کے لیے حکومت اقدامات کررہی ہے ،نورین عارف

ماحول دشمن سرگرمیوں کا تدارک کیا جارہا ہے ۔ محکمہ ماحولیات کو مزید فعال بنایا جائیگا تاکہ آزادکشمیر میں ماحولیاتی مسائل کا حل ممکن ہو سکے ، وزیر صنعت آزاد کشمیر

جمعرات 23 جنوری 2020 00:10

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جنوری2020ء) آزادکشمیر کی وزیر صنعت ، ترقی نسواں و ماحولیات نورین عارف نے کہا ہے کہ قدرتی ماحول کو برقرار رکھنے اور آلودگی کے خاتمہ کیلئے حکومت اقدامات کررہی ہے ۔ ماحول دشمن سرگرمیوں کا تدارک کیا جارہا ہے ۔ محکمہ ماحولیات کو مزید فعال بنایا جائیگا تاکہ آزادکشمیر میں ماحولیاتی مسائل کا حل ممکن ہو سکے اور یہاں قدرتی ماحول متاثر نہ ہو۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز محکمہ ماحولیات کے تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ماحولیات سردار عدنان خورشیدنے محکمہ ماحولیات کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی ۔محترمہ نورین عارف نے کہاکہ آبادی کے دبائو اور موسمیاتی تبدیلیوں کی وجہ سے قدرتی ماحول متاثر ہو رہا ہے ۔

(جاری ہے)

اگر بروقت اقدامات نہ کیے گئے تو آنے والے دنوں میں نہ صرف آزادکشمیر بلکہ خطہ کو شدید ماحولیاتی خطرات لاحق ہونگے ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ ماحولیات ترقیاتی منصوبہ جات کیلئے این او سی جاری کرنے سے پہلے ان سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی مسائل کا جائزہ لے اور ماحولیاتی مسائل کی کمی کیلئے تجاویز مرتب کریں۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ماحول دشمن سرگرمیوں کی کسی صورت اجازت نہ دی جائے ۔ انہوں نے کہاکہ اس حوالہ سے جامع پلاننگ کی ضرورت ہے تاکہ خطہ کے قدرتی ماحول کو بچایا جا سکے ۔

ماحول کی حفاظت ہر شہری کی ذمہ داری ہے ۔ اس حوالہ سے محکمہ ماحولیات آگاہی مہم شروع کرے۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر کا حسن اس کے قدرتی ماحول کی وجہ سے ہے ۔ ماحولیاتی آلودگی نہ صرف ماحول کے بگاڑ بلکہ بیماریوں کا بھی باعث بنتی ہے ۔انہوں نے کہاکہ ہم نے اس قدرتی ماحول کی حفاظت کرنی ہے اور خطہ کے قدرتی حسن کو بچانا ہے ۔

متعلقہ عنوان :