پاکستان ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے ممالک میں33 ویں نمبر پر

ملک میں اس وقت ہوا کی مدد سے 1048 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے، رپورٹ

ہفتہ 25 جنوری 2020 22:28

پاکستان ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے ممالک میں33 ویں نمبر پر
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جنوری2020ء) پاکستان ہوا سے بجلی پیدا کرنے والے ممالک میں33 ویں نمبر پر ہے، ملک میں اس وقت ہوا کی مدد سے 1048 میگاواٹ بجلی پیدا کی جارہی ہے۔ اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام (یو این ڈی پی) کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کی مجموعی استعداد کے صرف ایک فیصد کے مساوی بجلی پیدا کی جا رہی ہے۔

رپورٹ کے مطابق پاکستان میں ہوا کی مدد سے بجلی پیدا کرنے کی استعداد 3 لاکھ 46 ہزار میگا واٹ ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان کے صوبہ سندھ، بلوچستان کے علاوہ ملک کے دیگر مختلف علاقوں میں بھی ہوا سے بجلی پیدا کرنے کی استعداد موجود ہے۔ اعداد وشمار کے مطابق صرف صوبہ سندھ میں ہوا سے بجلی پیدا کرنے کی استعداد 50 ہزار میگاواٹ سے زیادہ ہے۔ بلوچستان کے ساحلی علاقوں میں13 ہزار میگاواٹ بجلی ہوا کی مدد سے پیدا کرنے کی استعداد ہے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا سمیت پنجاب اور کشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی ہوا کی مدد سے بجلی پیدا کرنے کے وسیع مواقع دستیاب ہیں جس سے استفادہ کرکے قوم کو شفاف اور سستی بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جا سکتی ہے۔