بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی مضر صحت اشیائے خورد نوش کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری

پیر 27 جنوری 2020 17:07

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جنوری2020ء) بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی مضر صحت اور غیر معیاری اشیاء خورد نوش تیار و فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائیوں کا سلسلہ جاری ہے۔ ڈائریکٹر جنرل بی ایف اے ابراہیم بلوچ کی ہدایت پر ادارے کی معائنہ ٹیم نے حب شہر میں قائم منرل واٹر پلانٹس و فلنگ سٹیشنز کا معائنہ کیا اور وہاں منرل واٹر کے معیار، واٹر فلنگ پراسیس اور صفائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

فوڈ اتھارٹی حکام نے مذکورہ پلانٹس سے پانی اور اس میں شامل کیے جانے والے مختلف اجزاء کے نمونے حاصل کرکے لیبارٹری بھجوادیے۔ علاوہ ازیں ڈائریکٹر آپریشنز غلام مرتضیٰ اور ڈپٹی ڈائریکٹر سرفراز مغل کی سربراہی میں بی ایف اے کی معائنہ ٹیم نے حب میں مختلف پان شاپس کا بھی معائنہ کیا، دوران معائنہ ایک دکان سے ممنوع و مضر صحت گٹکا برآمد ہوا جسے قبضے میں لے کر موقع پر ہی تلف کر دیا گیا۔

(جاری ہے)

پان شاپس کے مالکان کو تاکید کی گئی کہ وہ گٹکا جو منہ کے کینسر سمیت مختلف بیماریوں کا سبب بنتا ہے کی خریدوفروخت سے اجتناب کریں، اس حوالے سے دکانداروں کو وارننگ نوٹسز بھی جاری کیے گئے۔بعدازاں فوڈ اتھارٹی حکام نے مختلف جنرل سٹورزکی چیکنگ بھی کی جن میں سے بعض کو جرمانہ بھی کیا گیا۔مالکان کو آئندہ اپنی دکانوں میں زائدالمیعاد اشیاء نہ رکھنے کی ہدایت کی گئی جبکہ عوام کو معیاری و محفوظ اشیاء فروخت کرنے سے متعلق انہیں خصوصی ہدایات بھی دی گئیں۔

متعلقہ عنوان :