یوتھ فورم کشمیر کے زیر اہتمام پنجاب اسمبلی سے پریس کلب تک یوم یکجہتی کشمیر ریلی

انسانوں کی بستی کشمیر کو کئی ماہ سے کرفیو نافذ کر کے محصو ررکھنا انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزی ہے، محمد میاں سومرو

بدھ 5 فروری 2020 12:43

یوتھ فورم کشمیر کے زیر اہتمام پنجاب اسمبلی سے پریس کلب تک یوم یکجہتی ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 فروری2020ء) یوتھ فورم فارکشمیر کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر پورے ملک میں قومی جوش و جذبہ کے ساتھ منا یا گیا ۔اس موقعہ پر پنجاب اسمبلی سے لاہور پریس کلب تک یوم یکجہتی کشمیر ریلی نکالی گئی جس کی قیادت وفاقی وزیر و سابق چیئرمین سینٹ محمد میاں سومرونے کی ۔ریلی میں سیاسی ، سماجی ، دینی ، تاجر تنظیموں اور نوجوان طلباء نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

پنجاب اسمبلی کے سامنے کارکنوں نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کے بد ترین مظالم اور اقوام متحدہ کے بے حسی کے خلاف شدید احتجاج کیا۔محمد میاں سومرو نے ریلی سیخطاب کرتے ہوئے کہا کہ 21ویں صدی میں لاکھوں کی انسانوں کی بستی کشمیر کو 185دنوں سے کرفیو نافذ کر کے بھارتی مسلح افواج کی جانب سے محصوررکھنا انسانی حقوق کی بد ترین خلاف ورزی ہے اور اس پر عالمی برادری کی بے حسی ایک بہت بڑا المیہ ہے ۔

(جاری ہے)

افسوس کہ اقوام متحدہ نے کروڑوں کشمیریوں پر ظلم و ستم اور بر بریت کے باوجود اپنا رول ادا نہیں کیا 73 گزرنے کے باوجود کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے منظور کردہ قرار دادوں پر عمل درآمد نہ کرانا اقوام متحدہ کی ناکامی ہے ۔ریلی کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیف آرگنائزر طارق احسان غوری نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے ایجنڈے پر موجود ہے لیکن افسوس کہ 73سال گزرنے کے باوجود اقوام متحدہ مسئلہ کشمیرکو حل کرنے میں ناکام ہوا اور اپنی ہی منظور کردہ حق خود ارادیت قرار دادوں پر عمل دارآمد نہیں کرا سکا ۔ کشمیر میں ہنستے بستے کشمیر یوں کا قتل عام خصوصاًً خواتین اور بچوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک مہذب و دنیا کے لئے ایک چیلنج ہے۔