غیر مُلکی نوجوان گھریلو خادمہ سے شادی کی درخواست لے کر سعودی کے پاس پہنچ گیا

بھارتی نوجوان نے خواہش کا اظہار کیا کہ650 ریال کی رقم میں گھریلو ملازمہ سے شادی کرنا چاہتا ہے

Muhammad Irfan محمد عرفان جمعہ 7 فروری 2020 13:26

غیر مُلکی نوجوان گھریلو خادمہ سے شادی کی درخواست لے کر سعودی کے پاس ..
 ریاض(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔7فروری 2020ء) سعودی عرب لاکھوں بھارتی، پاکستانی اور بنگلہ دیشی روزگار کی غرض سے مقیم ہیں۔ جبکہ 70 فیصد گھریلو خادمائیں انڈونیشیا سے تعلق رکھتی ہیں۔ کئی بار ایسا بھی ہوتا ہے کہ کوئی تارکِ وطن نوجوان ان گھریلو خادماؤں پر لٹو ہو جاتا ہے اور اس سے شادی کرنے کے خواب دیکھنے لگتا ہے۔ ایسا ہی ایک واقعہ ویڈیو کی صورت میں سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہا ہے۔

جب روزگار کی غرض سے مقیم ایک بھارتی نوجوان اپنی رہائش گاہ کے قریب ہی ایک سعودی کفیل کے ہاں کام کرنے والی انڈونیشیائی ملازمہ پر عاشق ہو گیا۔ جب دِل کو چین نہ پڑا تو اُس نے انتہائی جرات مندانہ اقدام اُٹھانے کی ٹھان لی۔ اُردو نیوز کے مطابق یہ عاشق نوجوان اپنے ایک جاننے والے سعودی کے پاس پہنچ گیا۔

(جاری ہے)

یہ سعودی شخص اُس سعودی مالک کا گہرا دوست تھا، جہاں پر بھارتی نوجوان کی محبوبہ گھریلو خادمہ کے طور پر کام کرتی تھی۔

اس نوجوان نے اس سعودی سے درخواست کی کہ وہ اپنے دوست سے کہہ کر اُس کی ملازمہ سے شادی کروا دے۔ اس حوالے سے ٹویٹر پر جاری ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے۔ جس میں یہ سادہ طبیعت نوجوان اپنی شادی کے لیے سعودی شہری سے درخواست کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ سعودی شہری نے جب اس سے مزید دریافت کیا کہ شادی پر اخراجات بھی آتے ہیں تو نوجوان کا کہنا تھا کہ میں نے سب بندوبست کر لیا ہے، مہر اور دیگر اخراجات کی مد میں میرے پاس رقم موجود ہے۔

سعودی نے بھارتی نوجوان کے بارے میں بتاتے ہوئے کہا کہ جس خادمہ سے شادی کے وہ خواہشمند ہے وہ انڈین نہیں بلکہ انڈونیشیا کی ہے۔جس پر نوجوان کا کہنا تھا کہ مجھے معلوم ہے کہ وہ انڈین نہیں بلکہ انڈونیشی ہے، ہماری کئی ملاقاتیں ہوئی ہیں اور ہم نے شادی کا فیصلہ کر لیا ہے اسی لیے آپ کے پاس درخواست لے کر آیا ہوں کہ اپنے دوست سے سفارش کریں کہ وہ اپنی خادمہ کی مجھ سے شادی کراددیں۔

نوجوان کی اس درخواست پر شہری کا کہنا تھا کہ شادی کی بات تو میں کرلوں گا مگرآپ کو معلوم ہے کہ شادی پر کافی اخراجات بھی ہوتے ہیں جو معمولی نہیں، تمہارے پاس شادی کرنے کے لیے پیسے ہیں؟جواب میں نوجوان نے کہا کہ ہم نے سب حساب لگا رکھا ہے ٹوٹل خرچ 650 ریال ہے جو میں لے کرآیا ہوں، اب ہماری شادی میں دیر نہ کریں کہیں یہ رقم بھی خرچ نہ ہوجائے۔ نوجوان کے شادی کے مطالبے پر ٹوئٹر پر لوگوں کا کہنا ہے کہ اس کا مطالبہ کوئی غلط نہیں، ہماری دعائیں ان کے ساتھ ہیں۔ایک اور ٹوئٹر صارف کا کہنا تھا کہ ’کاش آج معاشرے میں مہر اتنی ہی مقرر ہو جائے۔الفاصل نامی ٹوئٹر صارف کا کہناتھا کہ میری جانب سے 350 ریال بھی شامل کرکے ایک ہزار کی رقم پوری کر دیں۔