مودی نے جنت نظیر کشمیر کو قید خانہ بنا دیا ہے، پریانکا گاندھی

غیر مسلح، جمہوریت پر یقین رکھنے والے سیاست دانوں کی غیرقانونی نظر بندی کو فوری طور پر ختم کیا جائے، ٹوئٹر پربیان

اتوار 9 فروری 2020 21:20

مودی نے جنت نظیر کشمیر کو قید خانہ بنا دیا ہے، پریانکا گاندھی
سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 فروری2020ء) کانگریس کی جنرل سیکرٹری اور راہول گاندھی کی بہن پریانکا گاندھی نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بی جے پی کی حکومت نے کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے۔

(جاری ہے)

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر بھارت کی بانی جماعت کانگریس کی سیکرٹری جنرل پریانکا گاندھی نے کشمیری سیاست دانوں محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ کی غیرقانونی نظربندی کی مدت میں اضافے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ غیر مسلح، جمہوریت پر یقین رکھنے والے سیاست دانوں کی غیرقانونی نظر بندی کو فوری طور پر ختم کیا جائے۔

پریانکا گاندھی نے لکھا کہ محبوبہ مفتی اور عمر عبداللہ جیسے رہنمائوں کو گرفتار کرکے وزیراعظم مودی نے خوبصورت اور جنت نظیر وادی کشمیر کو ایک قید خانے میں تبدیل کر دیا ہے، کشمیری رہنمائوں کی زباں بندی کیلیے انہیں گرفتار کیا جا رہا ہے، آزادی اظہار رائے پر پابندی ہے اور بنیادی انسانی حقوق معطل ہیں۔