وزیر اعظم عمران خان سے گوجرانوالا سے پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز کی ملاقات

گوجرانوالا ضلع سے متعلق عوامی مسائل اور ترقیاتی ضرورتوں کے حوالے سے امور زیر بحث آئے

بدھ 12 فروری 2020 23:06

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 12 فروری2020ء) وزیر اعظم عمران خان سے گوجرانوالا سے پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز نے بدھ کو یہاں وزیر اعظم آفس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں محمد احمد چٹھہ ( این اے 79)، میاں طارق (این اے 80) چوہدری صدیق مہر (این اے 81) علی اشرف مغل (این اے 82)، رانا نذیر ( این اے 83) اور رانا بلال اعجاز (این اے 84) شامل تھے۔

ملاقات میں ملک کی مجموعی صورتحال، گوجرانوالا ضلع سے متعلق عوامی مسائل اور ترقیاتی ضرورتوں کے حوالے سے امور زیر بحث لائے گئے۔ وزیرِ اعظم عمران خان نے ٹکٹ ہولڈرز سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ کرپشن اور مافیا زسے تنگ عوام پاکستان تحریک انصاف کو اپنا نجات دہندہ سمجھتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف نے مشکل ترین حالات میں حکومت کی باگ ڈور سنبھالی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارا مقابلہ مافیا سے ہے جو ہر شعبے میں تبدیلی اور عوام کی بہتری کی راہ میں رکاوٹ بننے کی کوشش کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ہمارا مقابلہ مافیا اور مہنگائی سے ہے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ مشکل حالات کے باوجود حکومت عوام کو ریلیف فراہم کرنے کی بھرپور کوشش کر رہی ہے۔ انشا اللہ حکومتی کوششوں کے نتیجے میں عوام کو خاطر خواہ ریلیف میسر آئے گا۔ وفد نے وزیرِ اعظم کو اپنے اپنے حلقوں کی عوام کو درپیش مسائل اور علاقے کی ترقیاتی ضرورتوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے مہنگائی کے خلاف حکومتی کوششوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔وزیر اعظم نے وفد کو یقین دلایا کہ علاقے کی ترقیاتی ضرورتوں سے متعلق پیش کی جانے والی تجاویز پر غور کیا جائے گا۔