تنازعہ کشمیر کے حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن و سلامتی کا قیام ممکن نہیں ، محمود اختر قریشی

جمعہ 14 فروری 2020 13:32

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 فروری2020ء) حریت رہنماء اور جموںوکشمیر پیر پنجال پیس فاؤنڈیشن کے کنوینر محمود اختر قریشی نے مقبوضہ کشمیر میں نہتے کشمیریوں پر جاری بھارتی مظالم پر شدید تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ دیرینہ تنازعہ کشمیر کے پر امن حل کے بغیر خطے میں پائیدار امن و سلامتی قائم نہیں ہو سکتی ۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق محمود اختر قریشی نے کوٹلی میں پونچھ سٹوڈنٹ آرگنائزیشن کی تقریب حلف برداری سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 5 اگست کے بھارتی اقدامات نے جموں وکشمیر اور لداخ کے عوام کو تحریکی صف میں لا کھڑا کیا ہے جو مستقبل میں مسئلہ کشمیر کے حل میں اہم کردار ادا کرسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا یہ فیصلہ کن دور ہے اور اس دیرینہ تنازعے کے کسی بھی قابل قبول حل کیلئے کشمیریوںکی صفوںمیں اتحاد و اتفاق وقت کی اہم ضرورت ہے ۔

(جاری ہے)

محمود اختر نے حریت چیئرمین سید علی گیلانی کی جلد صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ تقریب کے دیگر مقررین نے مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم پر افسوس ظاہر کرتے ہوئے اقوام عالم اورامت مسلمہ سے اپیل کی کہ وہ مسئلہ کشمیر کوخوش اسلوبی سے حل کرنے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔ تقریب کی صدارت ظہیر بابر چغتائی صدر ڈسٹرک بار ایسوسی ایشن کوٹلی نے کی۔ دیگر مقررین میں ایڈووکیٹ سردار شہروز حمزہ، محمد اسرار چشتی ،صدر محمد اسد عوان ،فرحان حمید ،سردار عمر فاروق اورسردار جنید نیازی شامل تھے۔