ویلنٹائن ڈے پر پابندی کے تحت درجنوں غیر شادی شدہ جوڑے گرفتار

مکاسار میں پولیس نے ویلنٹائن ڈے کے موقع پر غیر اخلاقی عوامل کے خلاف کریک ڈاؤن کیا

ہفتہ 15 فروری 2020 08:00

ویلنٹائن ڈے پر پابندی کے تحت درجنوں غیر شادی شدہ جوڑے گرفتار
جکارتہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 فروری 2020ء) ویلنٹائن ڈے پر پابندی کے تحت درجنوں غیر شادی شدہ جوڑے گرفتار۔ مکاسر میں پولیس نے ویلنٹائن ڈے کے موقع پر غیر اخلاقی عوامل کے خلاف کریک ڈاؤن کیا۔ تفصیلات کے مطابق انڈونیشیا میں ویلنٹائن ڈے پر پابندی کی مناسبت سے پولیس کی جانب سے گرفتاریاں عمل میں لائی گئی ہیں۔ انڈونیشین پولیس نے 14 فروری کو ویلنٹائن کے موقع پر بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کر کے متعدد غیر شادی شدہ جوڑوں کو گرفتار کر لیا ہے۔

خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشین پولیس کے افسران نے مختلف ہوٹلوں کے کمروں میں چھاپے مار کر درجنوں غیر شادی شدہ جوڑے گرفتار کیے۔ انڈونیشیا کے شہر ڈیپوک میں لوگوں کو خبردار کیا گیا کہ وہ محبت کے اظہار سے باز رہیں ورنہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

(جاری ہے)

حکام کی جانب سے صوبہ بانڈا اچے میں واقع تمام ہوٹلوں کی انتظامیہ کو متنبہ کیا گیا کہ وہ ویلنٹائن کے دن کو فروغ دینے سے باز رہیں۔

مزید تفصیلات کے مطابق مسلم اکثریتی ملک انڈونیشیا میں ملک کی ثقافت اور اعلیٰ اقدار کے پیش نظر ویلنٹائن ڈے پر پابندی عائد ہے اور اس دن محبت کے اظہار پر مکمل طور پر پابندی عائد ہے۔ 14 فروری جمعہ کے روز مکاسر میں پولیس نے گیسٹ ہاؤسز اور ہوٹلوں کے کمروں پر چھاپے مارے جس کے نتیجے میں قریب دو درجن غیر شادی شدہ جوڑوں کو گرفتار کیا گیا۔

گرفتار افراد میں ایک جرمن شہری بھی شامل تھا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق پولیس نے بتایا ہے کہ انہوں نے ایک ہوٹل میں چھاپے کے دوران ایک جرمن شہری کو اپنے انڈونیشین ساتھی کے ساتھ گرفتار کیا ہے، ان کا کہنا ہے کہ جوڑے کو اس لیے گرفتار کیا گیا کیونکہ وہ میاں بیوی نہیں ہیں۔ واضح رہے کہ غیر شادی شدہ جوڑوں کے خلاف حالیہ کریک ڈاؤن انڈونیشین حکومت کی جانب سے گزشتہ سال پاس کیے جانے والے اس بل کے تحت ہے جس میں قبل از شادی جسمانی تعلقات قائم کرنے کو غیر قانونی قرار دیا گیا ہے۔