Live Updates

پہلے پی ٹی آئی کا منڈیٹ چوری ہوا، اب مال غنیمت سمجھ کر مخصوص نشستیں تقسیم کی گئیں

مخصوص نشستوں کے فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ ملک بے آئین ہوچکا ہے، ملک میں نظام مفلوج ہوچکا ہے، قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ چھیننا ہمارے لئے کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔ سینئر رہنما پی ٹی آئی مسرت چیمہ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 1 جولائی 2025 19:34

پہلے پی ٹی آئی کا منڈیٹ چوری ہوا، اب مال غنیمت سمجھ کر مخصوص نشستیں ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔  یکم جولائی 2025ء) پاکستان تحریک انصاف کی سینئر رہنما مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کی خوشنودی کے لئے پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کے خلاف یکطرفہ اقدامات اٹھائے گئے ، ایوان میں اپوزیشن اورحکومت دونوں طرف سے احتجاج کیا گیا لیکن حیرت ہے کہ حکومتی اراکین کو تو اس پر شاباش دی جاتی ہے جبکہ اپوزیشن اراکین کو معطل ، بھاری جرمانے کرنے اور قائمہ کمیٹیوں کی چیئر مین شپ سے ہٹانے کی سزا دیدی گئی ۔

اپنے بیان میں انہوںنے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان ، ان کا خاندان ، پارٹی رہنما اور کارکنان بڑی قربانیاں دے چکے ہیں۔ قائمہ کمیٹیوں کی چیئرمین شپ چھیننا ہمارے لئے کوئی حیثیت نہیں رکھتا۔ مخصوص نشستوں کے فیصلے سے ثابت ہوگیا کہ ملک بے آئین ہوچکا ہے، پہلے منڈیٹ چوری ہوا، اب مال غنیمت سمجھ کر مخصوص نشستیں تقسیم ہوئیں،ملک میں نظام مفلوج ہوچکا ہے، اسپیکر پنجاب اسمبلی نے صرف وزیر اعلیٰ کی خوشنودی کے لئے آئین و قانون سے ہٹ کر راستہ اختیار کیا لیکن اس عمل کا سایہ ساری زندگی ان کا ساتھ نہیں چھوڑے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم خدا کی ذات سے نا امید نہیں ہیں ، یہ قانون قدرت ہے جب ظلم حد سے بڑھتا ہے تو مٹ جاتا ہے۔ مزید برآں بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے بہت سارے راستے اور لائحہ عمل موجود ہیں۔ اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مایوسی کی فضاء ہے، میں بانی پی ٹی آئی کا پیغام لے جانا چاہتا ہوں، میں سمجھتا ہوں اب بھی رہائی کے لیے بہت راستے موجود ہیں، پریشان نہیں ہونا چاہیے۔

فیصل چوہدری نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے ٹھوس اقدامات اور لائحہ عمل بنانا ضروری ہے، لسٹ ایک جیسی بنتی ہے، دوسرے لوگوں کو بھی ملاقات کا موقع دینا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے مزاحمت اور مفاہمت کے راستے ساتھ ساتھ چلتے ہیں، مفاہمت کا راستہ بھی نہیں چھوڑنا چاہیے، مزاحمت کا آپشن بھی کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ میں موسم اور وقت دیکھ کر فیصلہ کرنے والا آدمی ہوں، ماحول دیکھ کر چلتا ہوں، مجھے تو بانی پی ٹی آئی کی رہائی نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کا پرسان حال جیل میں ہے، پیٹرول مہنگا ہونے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات