پی ٹی آئی کے جیل میں قید سینئررہنماؤں نے مذاکرات کیلئے خط ارسال کردیا

موجودہ بدترین بحران سے نکلنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں، مذاکرات سیاسی اور مقتدرہ کی سطح پر ضروری ہیں،مذاکراتی کمیٹی کی تقرری کیلئے پیٹرن انچیف تک رسائی آسان ممکن بنانا ہوگی۔ خط کا متن

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ منگل 1 جولائی 2025 20:34

پی ٹی آئی کے جیل میں قید سینئررہنماؤں نے مذاکرات کیلئے خط ارسال کردیا
لاہور( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔یکم جولائی 2025ء ) پاکستان تحریک انصاف کے جیل میں قید سینئررہنماؤں نے مذاکرات کی حمایت میں خط ارسال کردیا ہے۔ میڈیا کے مطابق پی ٹی آئی کے گرفتار سینئر رہنماؤں نے جیل خط ارسال کیا ہے جس میں حکومت اور پی ٹی آئی رہنماؤں کو مذاکرات کا مشورہ دیا ہے۔ خط لکھنے والے پی ٹی آئی رہنماؤں میں شاہ محمود قریشی، یاسمین راشد، میاں محمود الرشید، اعجاز احمد چوہدری، عمر سرفراز چیمہ شامل ہیں۔

خط کے مطابق یہ پانچوں پی ٹی آئی رہنماء حکومت کے ساتھ مذاکرات کے حامی ہیں، خط کے متن میں کہا گیا کہ موجودہ بدترین بحران سے نکلنے کا واحد راستہ مذاکرات ہیں۔ سیاسی سطح پر بھی مذاکرات ضروری ہیں، مذاکرات سیاسی سطح پر بھی ضروری ہیں اور مقتدرہ کی سطح پر بھی ضروری ہیں۔

(جاری ہے)

آغاز میں مذاکرات سیاسی سطح پر کئے جائیں ، مذاکرات میں گرفتار رہنماؤں کو بھی شامل کیا جائے۔

مذاکرات کا آغاز کرنے پر کسی فریق کو مطعون کرناسارے عمل کو سبوتاژ کرنے کے مترادف ہوگا۔ مذاکرات سبوتاژ کرنے کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔ مذاکراتی کمیٹی کی تقرری کیلئے پیٹرن انچیف تک رسائی آسان ممکن بنانا ہوگی۔ ملاقات کے اس عمل کو وقتاً فوقتاً جاری رکھنا ہوگا۔ دوسری جانب بانی پی ٹی آئی کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے لیے بہت سارے راستے اور لائحہ عمل موجود ہیں۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مایوسی کی فضاء ہے، میں بانی پی ٹی آئی کا پیغام لے جانا چاہتا ہوں، میں سمجھتا ہوں اب بھی رہائی کے لیے بہت راستے موجود ہیں، پریشان نہیں ہونا چاہیے۔ فیصل چوہدری نے کہاکہ بانی پی ٹی آئی کی رہائی کیلئے ٹھوس اقدامات اور لائحہ عمل بنانا ضروری ہے، لسٹ ایک جیسی بنتی ہے، دوسرے لوگوں کو بھی ملاقات کا موقع دینا چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ میرا خیال ہے مزاحمت اور مفاہمت کے راستے ساتھ ساتھ چلتے ہیں، مفاہمت کا راستہ بھی نہیں چھوڑنا چاہیے، مزاحمت کا آپشن بھی کبھی نہیں چھوڑنا چاہیے۔بانی پی ٹی آئی کے وکیل نے کہا کہ میں موسم اور وقت دیکھ کر فیصلہ کرنے والا آدمی ہوں، ماحول دیکھ کر چلتا ہوں، مجھے تو بانی پی ٹی آئی کی رہائی نظر آرہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ عوام کا پرسان حال جیل میں ہے، پیٹرول مہنگا ہونے کی شدید مذمت کرتا ہوں۔