امریکی صدر کی بیٹی نے بھی سعودی اوراماراتی حکمرانوں کی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے

ایوانکا ٹرمپ نے سعودی مملکت اور متحدہ عرب امارات میں حقوقِ نسواں کے لیے اصلاحات متعارف کروانے کو خوش آئند قرار دیا

Muhammad Irfan محمد عرفان پیر 17 فروری 2020 11:07

امریکی صدر کی بیٹی نے بھی سعودی اوراماراتی حکمرانوں کی تعریفوں کے پُل ..
دُبئی(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔17فروری 2020ء) گزشتہ دِنوں ہالی وڈ کی مشہور اور حسین ایکٹرس پیرس ہلٹن نے سعودی عوام کو ملنسار اور محبت کرنے والا قرار دیا تھا اور سعودی سرزمین کو انتہائی دلکش بھی کہا تھا۔ اب ایک اور نامور خاتون نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے عوام اور حکمرانوں کی تعریفوں کے پُل باندھ دیئے ہیں۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی بیٹی اور سینیئر مشیر ایوانکا ٹرمپ نے سعودی عرب اور یو اے ای میں حقوقِ نسواں کے تحفظ کی خاطر نمایاں اصلاحات اور اقدامات کو بہت مثبت اور خوش آئند قرار دیا ہے۔

ایوانکا ٹرمپ نے دُبئی میں منعقدہ گلوبل ویمن فورم سے اپنے خصوصی خطاب میں کہا کہ عرب دُنیا اور خلیجی ممالک میں خواتین کی حالت میں بہتری آ رہی ہے اس کی وجہ یہاں کی حکومتوں کا اہم اصلاحات نافذ کرنا ہے۔

(جاری ہے)

ایوانکا نے سعودی حکام کو بیرونِ ملک سفر کے لیے ولی کی اجازت ختم کرنے سے متعلق قانون میں ترمیم کو بھی بہت سراہا۔ کیونکہ اس قانون میں ترمیم کے بعد اب سعودی خواتین اپنے کسی مرد رشتہ دار کے بغیر پاسپورٹ حاصل کرنے کی بھی مجاز ٹھہری ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے 2018ء میں سعودی خواتین کی ڈرائیونگ پر عشروں سے عائد پابندی ہٹانے کی بھی تعریف کی۔ دُبئی میں منعقدہ گلوبل ویمن فورم میں میں دبئی کے حکمراں شیخ محمد بن راشد آل مکتوم ، دبئی کے ولی عہد حمدان بن محمد آل مکتوم ، عالمی بنک کے صدر ڈیوڈ ملپاس اور بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کی ڈائریکٹر جنرل کرسٹلینا جارجیوف نے بھی ایوانکا ٹرمپ کی تقریر سُنی۔

تاہم ان کا کہنا تھا کہ ابھی حقوق نسواں کے سلسلے میں مزید بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔انھوں نے یہ بات زور دے کر کہی کہ خواتین کو یہ حقوق دینے کے باوجود بھی خطے بھر میں انھیں مردوں کے مقابلے میں نصف قانونی حقوق حاصل ہیں۔ایوانکا کا کہنا تھا کہ جب خواتین کامیابی کے لیے آزاد ہوتی ہیں تو خاندان ترقی کرتے اور خوش حال ہوتے ہیں ،برادریوں کی نشوونما ہوتی ہے اور اقوام مضبوط ہوتی ہیں۔