امریکہ پاکستان کا سی پیک سے دستبردار ہونے کا خواہشمند

پاکستان بھارت کی وجہ سے نہیں امریکا کی وجہ سے گرے لسٹ میں ہے،امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان سی پیک سے ہٹ کر امریکی منصوبہ قبول کرے۔ ہارون الرشید کا دعویٰ

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان ہفتہ 22 فروری 2020 10:45

امریکہ پاکستان کا  سی پیک سے دستبردار ہونے کا خواہشمند
لاہور (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین 22 فروری 2020ء ) معروف صحافی ہارون الرشید کا کہنا ہے کہ پاکستان بھارت کی وجہ سے نہیں بلکہ امریکا کی وجہ سے تاحال گرے لسٹ میں ہے۔بھارت تو اپنے منصوبوں میں ناکام ہو چکا ہے۔بھارت چاہتا تھا کہ پاکستان کو تباہ کن ملک کے طور پر پیش کیا جائے ،وہ چاہتے تھے کہ حافظ سعید کو ہمارے حوالے کیا جائے لیکن بھارت کا کوئی مطالبہ نہیں مانا گیا۔

بھارتی اخبار نے رپورٹ شائع کی ہے کہ چین نے پاکستان کی حمایت نہیں کی ہے۔جس کے بعد چین نے بیان جاری کیا کہ ہم پاکستان کے ساتھ ہیں ہم اس کی مدد کریں گے،دوسرے دوست ملک بھی پاکستان کی مدد کریں گے۔39 ممالک میں سے 10 ملک بھارت کے ساتھ ہیں،لیکن وہ ممالک امریکا کے ساتھ بھی ہیں۔امریکا آج بھی مختلف ملکوں کو گرانٹ دیتا ہے۔

(جاری ہے)

امریکا چاہتا ہے کہ پاکستان سی پیک سے الگ ہو جائے اور متبادل امریکی منصوبہ قبول کر لے۔

اب تو سڑکیں بن چکی ہیں،بجلی کے کارخانے بن چکے ہیں۔اب پاکستان سی پیک سے نہیں نکل سکتا، کوئی درمیانی راستہ نکلے گا۔ہارون الرشید نے کہا کہ امریکا ایک تو سی پیک کے حوالے سے ناراض ہے دوسرا وہ افغانستان پر دباؤ رکھنا چاہتا ہے۔اگر پاکستان امریکا کی شرائط مان لے تو اس کا مطلب ہے کہ پاکستان بھارت کا دباؤ قبول کر لے اور اپنے نظریے سے ہٹ جائے جو ممکن نہیں۔

خیال رہے کہ منی لانڈرنگ اور دہشت گردی کی مالی معاونت روکنے کے لیے بنائے گئے بین الاقوامی ادارے فنانشنل ایکشن ٹاسک فورس نے پاکستان کو مزید کچھ ماہ کے لئے گرے لسٹ میں رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب چین کے صدر شی جن پنگ جلد پاکستان کام دورہ کریں گے، حکومت نے چینی صدر کے استقبال کی تیاریاں شروع کردیں۔مشیر خزانہ حفیظ شیخ نے کہا کہ چین اور پاکستان سی پیک کو بڑی اہمیت دیتے ہیں، سی پیک منصوبہ خطے کیلئے گیم چینجر ہے۔