امریکہ میں ایک ملٹی نیشنل کمپنی کے کیمپس پر فائرنگ سے 7 افراد ہلاک

ملٹی نیشنل کمپنی مولسن کورز کے میلواکی کیمپس میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران حملہ آور سمیت 7 افراد ہلاک ہوئے۔ خبر ایجنسی

Kamran Haider Ashar کامران حیدر اشعر جمعرات 27 فروری 2020 04:00

امریکہ میں ایک ملٹی نیشنل کمپنی کے کیمپس پر فائرنگ سے 7 افراد ہلاک
میلواکی (اردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ 27 فروری 2020ء) امریکہ میں ایک ملٹی نیشنل کمپنی کے کیمپس پر فائرنگ سے 7 افراد ہلاک۔ ملٹی نیشنل کمپنی مولسن کورز کے میلواکی کیمپس میں فائرنگ کے تبادلے کے دوران حملہ آور سمیت 7 افراد ہلاک ہوئے۔ تفصیلات کے مطابق امریکی ریاست میلواکی میں واقع ایک معروف ملٹی نیشنل کمپنی کے کیمپس میں ایک شخص کی فائرنگ سے بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق حملے کا نشانہ بننے والے کمپلیکس میں 600 کے قریب ملازمین کام کرتے ہیں، اور یہ کمپلیکس میلواکی کے علاقے میں ’’ملر ویلی‘‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔
متفرق خبر رساں اداروں کی رپورٹس کے مطابق حملہ آور سمیت 7 افراد ہلاک ہوئے ہیں جبکہ متعدد زخمی بھی ہوئے ہیں، تاہم یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ابھی تک کسی مستند ذرائع سے ہلاکتوں کی تصدیق نہیں کی گئی۔

(جاری ہے)

سی این این کے مطابق میئر ٹام بیریٹ نے رپورٹرز کو بتایا ہے کہ واقعے میں حملہ آور سمیت متعدد افراد ہلاک ہوئے ہیں۔ میئر ٹام بیریٹ نے بھی ہلاکتوں کی تعداد سے متعلق کچھ نہیں بتایا۔ ان کا کہنا تھا کہ کمپنی کے ملازمین کے لیے یہ ایک خوفناک دن ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ہر اس شخص کے لیے ایک برا دن ہے جو کسی بھی حوالے سے اس واقعے کے ساتھ منسلک ہے۔

خبر ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے بھی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حملہ آور نے 5 افراد کو موت کی گھاٹ اتارا اور متعدد افراد کو زخمی کیا۔ صدر ٹرمپ نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے ہلاک افراد کے لواحقین کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کیا، ان کا کہنا تھا کہ یہ ایک خوفناک واقعہ تھا اور وہ متاثرین کے ساتھ ہیں۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وہ واقعے کی تحقیقات کر رہے ہیں تاہم انہوں نے حملہ آور سے متعلق یا واقعے کی وجوہات سے متعلق ابھی تک کوئی ابتدائی رپورٹ جاری نہیں کی ہے۔