کرونا وائرس قدرتی آفت ،وائرس کے حوالے سے خوف پھیلانے سے پرہیز کریں ،ایاز میمن موتی والا

ماسک و دیگر بچائو کی اشیاء مارکیٹ ریٹ پر فروخت کریں،نرخوں میں اضافہ نہ کریں ، دکانداروں سے اپیل

جمعہ 28 فروری 2020 17:06

کرونا وائرس قدرتی آفت ،وائرس کے حوالے سے خوف پھیلانے سے پرہیز کریں ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 فروری2020ء) کراچی تاجر الائنس کے چیئرمین و بانی عام آدمی پاکستان ایاز میمن موتی والا نے کہا ہے کہ کرونا وائرس ایک قدرتی آفت ہے ، جو چین سے شروع ہوئی اوردیکھتے ہی دیکھتے چین ، ایران، سمیت دیگر ممالک میں پھیلتی جارہی ہے ، اس وقت کرونا وائرس کا خوف لوگوں کے دلوں میں اسقدر بھر دیا گیا ہے کہ لوگوں نے اس کے خوف سے ہی گھروں سے نکلنا چھوڑ دیا ہے، کرونا وائرس کے حوالے سے خوف پھیلانے سے پرہیز کریں اور خوف پھیلانے کے بجائے آگاہی پروگرام شروع کرنے کی ضرورت ہے جس میں ایک عام آدمی کو اس بیماری کے حوالے سے بچائو اور احتیاطی تدابیر کے بار ے میں تفصیلی طور پر آگاہ کیا جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنی رہائش گاہ سے جاری کردہ بیان میں کیا، ایاز میمن موتی والا کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس سے بچائو اور آگاہی پروگرام کے حوالے سے صوبائی اور وفاقی حکومتیں اپنا اپنا کردار ادا کریں ، ماہرین کے مطابق پاکستان کسی بھی ہنگامی صورتحال میں نہیں ہے ، بس احتیاطی تدابیراختیار کریں ، بچوں اور بوڑھوں کا خاص خیال کریں کیونکہ ان کی قوت مدافعت کمزور ہوتی ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ پوری قوم اجتماعی دعا کریں اور رب کائنات سے اپنے گناہوں کی معافی مانگیں، انہوں نے کہا کہ تمام سرجیکل ماسک اور دیگر بچائو کی اشیاء فروخت کرنے والوں سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ عوام کو ماسک اور دیگر اشیاء مارکیٹ ریٹ کے مطابق دیں ، نرخوں میں اضافہ نہ کریں کیونکہ کرونا وائر س ایک انسانی مسئلہ ہے اور اس سے ہم سب نے ملکر لڑنا ہے ، سیاستدان، علماء کرام، بیوروکریٹس ، اساتذہ سمیت ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد کو موجود کرونا وائر س سے آگاہی اور احتیاطی تدابیر کو پھیلانے کے لیئے اپنا اپنا کردار ادا کریں ، خوف پھیلانے سے ہر انسان پرہیز کرے، حکومت سندھ کی جانب سے کرونا وائر س کے لیئے احتیاطی تدابیر اور کنٹرول روم کے قیام کے ساتھ ساتھ تمام ہسپتالوں میں ایمرجنسی کے نفاذ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت کا احتیاطی تدابیر کے ساتھ کنٹرول روم کا قیام ایک اچھا فیصلہ ہے، پوری قوم کو حکومت کا بھرپور ساتھ دینا چاہیے کیونکہ قدرتی آفت سے حکومتیں نہیں بلکہ قومیں مقابلہ کرتی ہیں ۔