یونیورسٹی آف جھنگ کے زیر اہتمام پہلی ملٹی ڈسپلنری قومی کانفرنس ’’میٹ 2020-‘‘ آج منعقد ہو گی

صوبائی وزیر کوآپریٹو پنجاب مہمان خصوصی ہوں گے،قومی کانفرنس میں ملک بھر کی مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلر ز اور 125 سے زائد سکالرز و محقق شرکت کریں گے

منگل 3 مارچ 2020 16:52

جھنگ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 مارچ2020ء) یونیورسٹی آف جھنگ کے زیر اہتمام پہلی ملٹی ڈسپلنری قومی کانفرنس "میٹ 2020-" آج 4مارچ بروز بدھ کو صبح 10بجے کالج آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز نزد چناب کالج چنیوٹ روڈ جھنگ پر منعقد ہو گی جس کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر کوآپریٹو پنجاب مہر محمد اسلم بھروانہ اور مہمانا ن اعزاز ممبر صوبائی اسمبلی مولانا محمد معاویہ اعظم طارق اور چیئر مین پنجاب ایجوکیشن کمیشن پروفیسر فضل احمد خالد ہوں گے جبکہ مذکورہ قومی کانفرنس میں ملک بھر کی مختلف یونیورسٹیز کے وائس چانسلر ز اور 125 سے زائد سکالرز و محقق شرکت کرنے سمیت اپنے تحقیقی مقالے پیش کریںگے۔

یونیورسٹی آف جھنگ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر کی زیر صدارت منعقد ہونے والی مذکورہ پہلی قومی کانفرنس جھنگ کی تاریخ میں اپنی نوعیت کا منفرد ایونٹ ہے جس میں ملک بھر سے نامور ماہرین تعلیم اور سکالرز نہ صرف اپنے مقالے پیش بلکہ نوجوان طلباء و طالبات کی رہنمائی کا فریضہ بھی سرانجام دیں گے۔

(جاری ہے)

یونیورسٹی آف جھنگ کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر شاہد منیر نے اس ضمن میں میڈیا کو بتایاکہ پہلی ملٹی ڈسپلنری قومی کانفرنس "میٹ 2020-" کے انعقاد کا مقصد تعلیمی میدان میں طلبا ء و طالبات کی تعلیم کے ساتھ ساتھ تحقیقی صلاحیتوں کو بھی اجاگر کرنا ہے تاکہ مستقبل میں وہ اچھے محقق بن کر اپنے پیشہ وارانہ امور احسن انداز میں بخوبی سرانجام دے سکیں۔

انہوںنے کہاکہ تعلیمی و تحقیقی میدان میں پیش آنیوالی مشکلات اور انکے حل پر غور کرنا بھی کانفرنس کے مقاصد میں شامل ہے۔انہوںنے کہاکہ کانفرنس جھنگ کے تعلیمی میدان میں اہم سنگ میل ثابت ہو گی۔