جی سی یولاہور کے طلباء کی بنائی گئی پاکستان کی پہلی ہیری پوٹر فین فلم "دی لاسٹ فالوور اور دی رسیکرشن آف ولڈیمورٹ" کے خصوصی پریمیر شو کا انعقاد

ہفتہ 7 مارچ 2020 17:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 07 مارچ2020ء) گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور کے طلباء کی جانب سے بنائی گئی پاکستان کی پہلی ہیری پوٹر فین فلم "دی لاسٹ فالوور اور دی رسیکرشن آف ولڈیمورٹ" نے سب کو حیران کر دیا،جادوئی انداز اور اختراعی اور دلچسپ سلسلوں سے بھرپور 84 منٹ کی اس فلم کا خصوصی پریمیر جی سی یونیورسٹی کے بخاری آڈیٹوریم میں ہوا،نوجوانوں طلباء کی اس کاوش نے ناظرین کو جادو کی دنیا کا پھر دیوانہ بنا دیا۔

فلم میں گورنمنٹ کالج لاہور کی تاریخی عمارت کو ہاگ وارٹس کے جادو سکول کے طور پر دکھایا گیا ہے، وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر اصغر زیدی اس فلم کے پریمیر کے مہمان خصوصی تھے، جس میں طلباء اوراولڈ روائینز کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ہیری پوٹر کی فین موئیز مداحوں کے لئے اجنبی نہیں ہے لیکن یہ پہلا موقع ہے جب پاکستانی نوجوان نے اس سطح پر فلم بنائی۔

(جاری ہے)

فلم کو جی سی یونیورسٹی کے طلباء نے چند سال قبل شروع کیا اور بعد ازاں اپنا پروڈکشن ہاؤس ، خیالی پروڈکشن بھی تشکیل دیا۔ مووی کا ٹریلر پچھلے سال ریلیز ہوا تھا اور اس کو پوری دنیا میں فوری عوامی ردعمل اور میڈیا کی توجہ ملی۔ فلم کی مرکزی کاسٹ میں عمر ڈار ، جازیب الارم ، مریم حسن نقوی ، طلحہ، دعا مریم ، شیخ مبشر اور حبیب چوہدری شامل ہیں۔

ایفیکٹس ذیشان حمید نے ترتیب دیئے ہیں جبکہ ابراہیم حسن اس فلم کے ایسوسی ایٹ ڈائریکٹر اور پروڈکشن کے سربراہ تھے۔ رائٹر ولید اکرم نے اس فلم کی ہدایات بھی دی ہیں۔ ولید کا کہنا ہے کہ جی سی یونیورسٹی لاہور کے خوبصورت گوتھک فن تعمیر نے انہیں اس فلم کو بنانے پر مجبور کیا۔ انہوں نے کہا کہ’’اگر اس دنیا میں ہاگوارٹس ہیں ، تو یہ جی سی یو لاہور ہے‘‘۔

ولید اکرم نے وائس چانسلر پروفیسر اصغر زیدی کا اس فلم کے پریمیئر کے لئے ٹیم خیالی پروڈکشن کی حوصلہ افزائی اور مدد کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ انہوں نے درخواست کی کہ دیگر یونیورسٹیوں کے سربراہان بھی انہیں اپنے کیمپسز میں اس فلم کی نمائش کی اجازت دیں۔ولید نے سنسر بورڈ کی منظوری کے بعد فلم کی سنیما و ں میںریلیز کی خواہش کا بھی اظہار کیا۔ وائس چانسلر پروفیسر اصغر زیدی کا کہنا تھا کہ پاکستان زندگی کے ہر شعبے میں ولید ، جازب اور عمر جیسے باصلاحیت نوجوانوں سے بھرا ہوا ہے، بس انکو رہنمائی اور حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے۔