بلاول بھٹو،فریال تالپور کے انتخابی حلقوں میں بےضابطگیوں کی انکوائری کیلئےکمیٹی قائم

الیکشن کمیشن کی کمیٹی این اے 200 لاڑکانہ، پی ایس 10 اور11 میں خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرےگی، انکوائری رپورٹ الیکشن کمشین کو پیش کی جائے گی

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ ہفتہ 7 مارچ 2020 17:14

بلاول بھٹو،فریال تالپور کے انتخابی حلقوں میں بےضابطگیوں کی انکوائری ..
لاہور (اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 07 مارچ 2020ء) الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور فریال تالپور کے حلقوں میں انتخابی بےضابطگیوں کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنا دی ہے، کمیٹی این اے 200 لاڑکانہ، پی ایس 10 اور11 میں خلاف ورزیوں کی تحقیقات کرےگی،جس کی انکوائری رپورٹ الیکشن کمشین کو پیش کی جائے گی۔ تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پیپلزپارٹی کے الیکشن سیل کے انچارج کی درخواست پر بے ضابطگیوں کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو اور فریال تالپور کے حلقوں این اے 200 لاڑکانہ، پی ایس 10 اور پی ایس11 میں انتخابی بےضابطگیوں کی تحقیقات کیلئے کمیٹی بنا دی ہے۔الیکشن کمیشن نے ہدایت کی کہ کمیٹی ان تین حلقوں میں انتخابی بےضابطگیوں کی انکوائری رپورٹ پیش کرے۔

(جاری ہے)

واضح رہے پیپلز پارٹی کے مرکزی الیکشن سیل کے انچارج تاج حیدر نے چیف الیکشن کمشنر کو خط تحریر کیا تھا، جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ ضلع لاڑکانہ کی انتخابی فہرستوں خاص طور پر این اے 200، پی ایس 10 اور پی ایس 11 میں بڑے پیمانے پر بے ضابطگیاں پائی گئی ہیں۔

ہمارے ووٹرز نے ڈسپلے سینٹرز میں لگائی گئیں، انتخابی فہرستوں میں بےضابطگیاں پائی گئی ہیں۔ تقریباً 30 فیصد ووٹرز کو ان کے اصل مردم شماری بلاکس میں شامل نہیں کیا گیا۔ مذکورہ ووٹرز کو دیگر غیر متعلقہ بلاکس میں منتقل کردیا گیا ہے۔ خط کے متن میں مزید تحفظات کا اظہار کیا گیا کہ لاکھوں ووٹرز کے لیے یہ دیکھنا ممکن نہیں کہ ان کا ووٹ ان کی رہائشگاہ کے مردم شماری بلاک میں درج ہے یا نہیں۔ این اے 200لاڑکانہ میں بلاول بھٹو کیخلاف تحریک انصاف کی حلیمہ بھٹو، ایم ایم اے کے راشد محمود سومرو نے الیکشن میں مقابلہ کیا۔