افغانستان میں تشدد اور فضائی حملوں کے مختلف واقعات ،7 شہریوں اور13 طالبان سمیت 20 افراد لقمہ اجل بن گئے

ہفتہ 7 مارچ 2020 20:55

افغانستان میں تشدد اور فضائی حملوں کے مختلف واقعات ،7 شہریوں اور13 طالبان ..
کابل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 07 مارچ2020ء) افغانستان کے صوبہ لغمان ‘ہرات اور بلخ میں تشدد اور فضائی حملوں کے مختلف واقعات میں 7 شہریوں اور13 طالبان سمیت 20 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ افغان میڈیا کے مطابق مشرقی صوبہ لغمان کے ضلع علی شنگ کے اسلام آباد نامی علاقے میںطالبان نے افغان لوکل پولیس کی چیک پوسٹ پر حملہ کیا جہاں پولیس نے جوابی کاروائی کرتے ہوئے 6 طالبان حملہ آوروں کو ہلاک کردیا جبکہ 10 زخمی ہوگئے۔

ادھرشمالی صوبہ بلخ کے ضلع چمتل کے علاقے چہارسئی میں افغان فوج نے طالبان کے دو ٹھکانوں پر فضائی حملہ کیاجس کے نتیجے میں 8 طالبان ہلاک اور 5 دیگر زخمی ہوگئے۔دریں اثناء صوبہ ہرات کے صوبائی گورنر لال محمد عمرزئی اور اٴْن کے ترجمان جیلانی فرہاد کے حوالے سے افغان میڈیا نے بتایا ہے کہ گزشتہ رات ضلع کاشک راباط سنگی کے گاؤں خواجہ نورمیں طالبان نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں 7 افغان شہری جاں بحق اور 17 دیگر زخمی ہوگئے۔

(جاری ہے)

ترجمان کے مطابق جاں بحق شہریوں میں ایک سکول ٹیچر سمیت کئی بچے جبکہ زخمیوں میں خواتین اور بچے شامل ہیں۔ ترجمان فرہاد کے مطابق 14 زخمیوں کو مقامی ہسپتال میں علاج کے لئے پہنچادیا گیا ہے۔افغان میڈیا کے مطابق تمام واقعات پر طالبان نے تاحال اپنا ردعمل نہیں دیا ہے۔