یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیراہتمام انڈرگریجویٹ ڈگری پروگراموں کا آغاز

پیر 9 مارچ 2020 23:15

لاہور۔9مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 مارچ2020ء) یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیراہتمام 4 شعبوں میں انڈرگریجوئٹ ڈگری پروگراموں کا آغاز کر دیا گیا۔ اس حوالے سے یو ایچ ایس جناح کیمپس میں پیر کے روز داخل ہونے والے پہلے بیچ کیلئے تعارفی سیمینار کا انعقاد کیا گیا جس میں داخل ہونے والے طلبہ اور والدین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب سے وائس چانسلر یو ایچ ایس پروفیسر جاوید اکرم نے خطاب کرتے ہوئے نئے طلبہ کو مبارکباد پیش کی۔ انھوں نے کہا کہ یو ایچ ایس میں پہلی مرتبہ بی ایس پروگرام کا آغاز کیا گیا ہے۔پروگرامز میں پانچ سالہ ڈاکٹر آف فزیکل تھراپی، چار سالہ بی ایس بائیو میڈیکل سائنسز، بی ایس ہیومن جینیٹکس اور بی ایس پبلک ہیلتھ کے پروگرامز شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پروفیسر جاوید اکرم کا کہنا تھا کہ طلبہ کو بہترین تعلیمی سہولیات فراہم کریں گے۔

جناح کیمپس کالا شاہ کاکو میں طلبہ کو بہترین تعلیمی ماحول مہیا آئے گا۔طلبہ پوری توجہ اپنی تعلیم پر مرکوز رکھیں۔ تقریب میں رجسٹرار ڈاکٹر اسد ظہیر، کنٹرولر امتحانات ڈاکٹر ثاقب محمود، خزانچی بقیع بن حنیف، پروفیسر شگفتہ خالق، ڈاکٹر ساجد محمود، پروفیسر ناصر شاہ ،ڈائریکٹر آپریشنز ڈاکٹر فرحان زاہد، ڈاکٹر ہمایوں تیمور، پروفیسر شکیلہ زمان سمیت سینئر فیکلٹی اور سٹاف نے شرکت کی۔ بعد ازاں طلبہ کو ان کے متعلقہ شعبہ جات کا دورہ بھی کرایا گیا۔