پیپلزپارٹی نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کے لیے عملی کردار ادا کیا ہے ،چوہدری لطیف اکبر

آزادکشمیر کے اندر خواتین کو ہر شعبے میں نمائندگی دینے کے لیے ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے، صدر پیپلزپارٹی آزاد کشمیر

پیر 9 مارچ 2020 23:40

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 مارچ2020ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے صدر چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ خواتین کے حقوق کے لیے عملی کردار ادا کیا ہے اور آئندہ بھی کردار ادا کرتی رہے گی ۔ آزادکشمیر کے اندر خواتین کو ہر شعبے میں نمائندگی دینے کے لیے ہمیشہ ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے ۔ اور مرد حر آصف علی زرداری نے قومی اسمبلی میں پہلی مرتبہ ایک خاتون کو سپیکر بنایا۔

پہلی خاتون وزیراعظم، پہلی سپیکر قومی اسمبلی اور پہلی ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی بنائے جانے کا اعزاز بھی پیپلزپارٹی کے پاس ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان پیپلزپارٹی خواتین ونگ ضلع مظفرآباد کے زیراہتمام منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے سابق وزیرمیاں عبدالوحید، سیکرٹری اطلاعات خواتین ونگ شگفتہ نورین ،ضلعی صدر خواتین ونگ شبنم صداقت اعوان، شوکت جاوید میر، سردار مبارک حیدر، شائق گیلانی، فوزیہ گیلانی، شارین بی بی ،گلناز بی بی، گلناز رشید، سردار دانش، مسرت شیخ ودیگرنے بھی خطاب کیا۔

تقریب میں خواتین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ضلعی صدر خواتین ونگ شبنم صداقت اعوان جو کہ صدر تقریب بھی تھیں نے کہا کہ پیپلزپارٹی نے خواتین کے حقوق کے لیے ہر دور میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے ۔ اسلام میں عورت کو جو حقوق اور عزت ومرتبہ دیا ہے وہ کسی اور دوسرے مذہب نے نہیں ضرورت اس امر کی ہے کہ اسلام نے عورت کو جو حقوق دیے ہیں ان پر عمل کیا جائے۔ دین اسلام میں عورت کو جو مقام ومرتبہ دیاگیا ہے اس کی مثال کہیں نہیں ملتی۔