چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء کا جامعہ کشمیر کا دورہ کیا

منگل 10 مارچ 2020 22:47

مظفرآباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 مارچ2020ء) چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے جامعہ کشمیر کا دورہ کیا۔ جامعہ کشمیر آمد پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے یونیورسٹی کے ڈینز،رجسٹرار اور سربراہان شعبہ جات کے ہمراہ چیف جسٹس کا استقبال کیا۔ چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر چوہدری جسٹس محمد ابراہیم ضیاء اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے جامعہ کشمیر کے شعبہ منیجمنٹ سائنسز کے زیر اہتمام مارکیٹنگ گالا کا افتتاح کیا۔

ترجمان جامعہ کشمیر کی جانب سے جاری ہونے والی ایک پریس ریلیز کے مطابق آزاد جموں وکشمیر کے چیف جسٹس ،جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء نے جامعہ کشمیر میں شعبہ منجمنٹ سائنسز کے زیر اہتمام مارکیٹنگ گالا کا افتتاح کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس محمد ابراہیم ضیاء نے کہا کہ طلبہ ملک و قوم کا قیمتی سرمایہ ہیں، اگر ہمارے طلبہ کو بہترین مواقع مہیا کیے جائیں تو وہ ملکی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکتے ہیں، محدود وسائل کے باوجود جامعہ کشمیر میں طلبہ کی صلاحیتوں کا مظاہرہ دیکھ کو خوشی ہوئی۔

مارکیٹنگ گالا کے انعقاد سے جہاں طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں کو اپنے اظہا ر کا موقع ملا وہاں عملی زندگی میں طلبہ اپنے ذاتی کاروبار کیلئے اس طرح تجربات حاصل کرینگے۔ جامعہ کشمیر میں زیر تعلیم طلبہ میں ٹیلنٹ موجود ہے۔چیف جسٹس سپریم کورٹ نے مارکیٹنگ گالا کے انعقاد پر یونیورسٹی انتظامیہ کو مبارکباد پیش کی، انہوں نے اپنی جانب سے طلبہ کی حوصلہ افزائی کیلئے مارکیٹنگ گالا کے منتظمین کو 20ہزار روپے کا انعام بھی دیا۔

اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ جامعہ کشمیر میں طلبہ کو اعلیٰ تعلیم کے ساتھ ساتھ ہم نصابی سرگرمیوں کے بھی بھرپور مواقع مہیا کیے جا رہے ہیں۔ مارکیٹنگ گالا کے انعقاد سے یقینا طلبہ کیلئے رہنمائی کا باعث بنے گا، انہوں نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ جامعہ کشمیر میں طلبا و طالبات کو پیشہ وارانہ زندگی میں جو کام کرنے ہیں ان کیلئے تیار کیا جائے۔

رئیس جامعہ نے شعبہ منیجمنٹ سائنسز کے کوارڈینٹر ڈاکٹر بلال عباسی اور انکی ٹیم کو مارکیٹنگ گالا کے انعقاد پر مبارکباد دی۔ چیف جسٹس آزاد جموں وکشمیر جسٹس چوہدری محمد ابراہیم ضیاء ،وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد کلیم عباسی نے فیکلٹی آف سائنسزکے ڈین پروفیسر ڈاکٹر غلام مرتضیٰ، فیکلٹی آف انجینئرنگ کے ڈین پروفیسر ڈاکٹر محمد قیوم خان، رجسٹرار جامعہ پروفیسر ڈاکٹر عائشہ سہیل،ایسوسی ایٹ ڈین ہیلتھ سائنسز ڈاکٹر بشیر الرحمن کنٹھ،چیئرپرسن شعبہ باٹنی ڈاکٹر ریحانہ کوثر،کوارڈینٹر شعبہ منیجمنٹ سائنسز داکٹر بلال عباسی کے ہمراہ مارکیٹنگ گالا میں لگائے گئے سٹالز کا بھی معائینہ کیااور طلبہ کی تخلیقی صلاحیتوں پر انہیں زبردست الفاظ میں سراہا۔