فیملی کو ر ٹ نے سابق گورنر سلمان تاثیر کی پوتی کا ماہانہ 1 لاکھ روپے عبوری خرچہ مقرر کر دیا

بدھ 11 مارچ 2020 21:05

لاہور۔11مارچ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 مارچ2020ء) لاہور کی فیملی کو ر ٹ نے سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی پوتی کا ماہانہ 1 لاکھ روپے عبوری خرچہ مقرر کر دیا۔عدالت نے شہباز تاثیر کو ہر ماہ کی 14 تاریخ کو بیٹی کا خرچہ ادا کرنے کا حکم دے دیا۔لاہور کی فیملی عدالت کی جج ثمرہ ریاض نے ماہین غنی کی درخواست پر عبوری تحریری حکم جاری کر دیا۔

(جاری ہے)

عدالت نے تحریری حکم میں شہباز تاثیر کی بیوی ماہین غنی کے مستقل خرچ فوری مقرر کرنے کی استدعامسترد کردی۔عدالت نے عبوری فیصلے میں کہا ہے کہ مستقل خرچے کے دعوی کے لیے قانونی نکات کا جائزہ لینا ہے۔عدالت جائزہ لے گی کہ ماہین غنی اپنے خاوند شہباز تاثیرسے بچی کا خرچہ وصول کرنے کی حقدار ہے یا نہیں۔ عدالت مزید کیس کی سماعت 4 اپریل تک ملتوی کرتے ہوئے وکلاء کو بحث کیلئے طلب کرلیا۔درخواست گزار ماہین نے موقف اختیار کیا ہے کہ شہباز تاثیر سے علیحدگی اختیار کرلی ہے،اکیلی کمسن بیٹی کا خرچہ نہیں اٹھاسکتی۔استدعا ہے کہ عدالت بیٹی کا خرچہ مقرر کرنے کا حکم دے۔